اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کی قانون ہاتھ میں لینے والے اور تشدد میں ملوث طلبا کے خلاف انضباطی کاروائی

مختلف شعبہ جات کے 36طالب علموں کے کیمپس داخلے پر پابندی عائد

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:03

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ نے قانون ہاتھ میں لینے والے اور تشدد میں ملوث طلبا کے خلاف انضباطی کاروائی کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کے 36طالب علموں کے کیمپس داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس آفیئرز کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان طالب علموں کے کیمپس پر داخلے پر 30جنوری 2022یا اگلے احکامات تک پابندی رہے گی۔

ان طلبا کے خلاف کیسزڈسپلنری کمیٹی (کمیٹی فار ان ڈسپلن اینڈ مس کنڈیکٹ)کو بھیج دیئے گئے ہیں تاکہ تحقیقات کرکے قوانین کے مطابق ملوث طلبا کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کے واقعات آئندہ پیش نہ آئیں۔ دریں اثنا ء بہاولپور پولیس نے گزشتہ روز بغداد الجدید کیمپس کے سامنے حاصل پور روڈ پر ہوائی فائرنگ اور روڈ بلاک کرنے والے افرادکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی اوران کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

کیمپس میں پرامن اور سازگار ماحول اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے یونیورسٹی کی ڈسپلن کمیٹی تیزی سے اپنی کاروائی کر رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری ہے تاکہ کسی کو کیمپس کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں