سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ائمہ و خطبا کے لیے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا

منگل 18 جنوری 2022 21:38

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2022ء) سیر ت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ائمہ و خطبا کے لیے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا۔ پہلے سیشن کی صدارت وائس چانسلر انجینئر پروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب نے کی اور مہمان خصوصی مفتی منیب الرحمن سابق چیئرمین مرکزی رئویت ہلال کمیٹی پاکستان تھے۔ اس موقع پر مولانا زاہد الراشدی شیخ الحدیث نے فقہی اختلافات اور خطبا کے رویہ کے موضوع پر خطاب کیا۔

وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور باقاعدگی سے طلباء وطالبات کے لیے دینی تعلیمات کا اہتمام کرتی ہے اس سلسلے میں سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بہت فعال کردار ادا کر رہی ہے اور وقتا فوقتا بین الاقوامی اور قومی سیمینارز ، ورکشاپس اور توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ نوجوان نسل کے ذہن و قلوب کو دین اسلام کی تعلیمات سے منور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی فلاح کے لیے اور دین اسلام کی اشاعت و فروغ میں دینی مدارس کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ نسل نو کو دین اسلام کی تربیت دینے میں مدارس کی دن رات محنت قابل تعریف ہے ۔ دینی تعلیم کے ساتھ دور حاضر کے مسائل سے آگاہی کے لے عصری تعلیم سے روشناسی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں دوروزہ تربیتی ورکشاپ برائے ائمہ و خطبا کے موضوع پر ہونے ورکشاپ میں شرکت کے لیے خصوصی آمد پر مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا۔

مفتی منیب الرحمن سابق چیئرمین مرکزی رئویت ہلال کمیٹی پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دین کو مشن سمجھ کر اخلاص کے ساتھ سیکھیں گے تو اللہ تعالیٰ تواقعات سے بڑھ کر عطا کرے گا ۔ اس لیے فرمایا کہ علم صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے حاصل کرنا چاہیے اگر کسی نے دنیا سجانے کے لیے علم حاصل کیا ہو تو وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ نے فرمایا قرآن عربی میں ہے اور اسے عربوں کے لہجے میں پڑھو۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطبہ حجہ الواع کے موقع پر آپﷺ نے صحابہ کرام اور امت سے پوچھا کیا میں نے اللہ کا پیغام تم تک پہنچانہیں دیا سب نے یک زبان ہو کر اقرارکیا یا رسول اللہ ﷺ آپ نے یقینا اللہ کا پیغام ہم تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں معلمین،اماجدین اور خطیب حضرات کا بہت اہم کردار ہے اور اسلامی معاشرے میں سماجی، معاشی اور سیاسی لحاظ سے مسجد کلیدی حیثیت کی حامل ہے ۔

انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اہم دینی موضوعات پر ہونے والے کانفرنسز اور مذاکرے کے اہتمام پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو مبارکباد دی اور سیرت چیئر کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ اور ڈائریکٹر سیر ت چیئر پروفیسرڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیر ت چیئرفیکلٹی آف اسلامک لرننگ دینی موضوعات پر گزشتہ چار دہائیوں سے گرانقدردعوتی و تحقیقی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

اب تک سات بین الاقوامی سیرت کانفرنسز ، قومی سیرت کانفرنس ، قومی قرآن کانفرنس ، ورکشاپس اور مختلف قومی و بین الاقوامی سیمینارز کا انعقاد کرا چکی ہے ، جن میں نامور ملکی و غیر ملکی اسلامی سکالرز نے شرکت کی اور اپنے وقیع مقالات بھی پیش کیے جو طباعت سے مرصع ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی قومی و بین الاقوامی معروف مذہبی سکالرز کے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر توسیعی محاضرات کا اہتمام بھی سیرت چیئر کے کریڈٹ پر ہے۔

ورکشاپ کے پہلے روز دوسرا سیشن غلام محمد گھوٹوی ہال عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر پرو وائس چانسلر نے کی۔ مقررین میں مولانا صہیب احمد، ڈاکٹر ضیا الرحمن، ڈاکٹر حافظ محمد ظہیر، ڈاکٹر ابرار محی الدین مرزانے خطاب کیا۔ شرکاء نے جامعہ عباسیہ ، جامعہ اسلامیہ اور موجودہ دور میں دینی تعلیمات کی نشر و اشاعت میں جامعہ کے کردار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں