جنگِ ستمبر1965ء کی گولڈن جوبلی پراسلامیہ یونیورسٹی میں بھی تقریبات کا سلسلہ جاری

جمعہ 18 ستمبر 2015 22:39

بہاول پور ۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) جنگِ ستمبر1965ء کی گولڈن جوبلی پر دیگر جامعات کی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بھی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلرکی ہدایت پر یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں سیمینار اور واک کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں اساتذہٴ کرام، ملازمین اور طلبہ وطالبات بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

شعبہٴ تاریخ میں ”یومِ دفاع اور آج کا نوجوان“ کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔چیئرمین شعبہ ڈاکٹر شاہد حسن رضوی نے کہا کہ 6ستمبر1965ء کا معرکہ پاکستان کی تاریخ میں ایک درخشاں باب کی حیثیت سے جگمگاتا رہے گا۔یہ جنگ جارحیت کی ناکامی اور دفاع کی فتح ہے۔ قومی اتحاد کا ایسا مظاہرہ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا جب زبان ونسل کی تفریق مٹا کر تمام قوم متحد ہوگئی۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل آ ج پھرقائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم وضبط پر عمل کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار بخوبی نبھا سکتی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرزاق شاہد، ڈاکٹر مظہر حسین اور طالب علموں عندلیب نازاور خضر محمود نے بھی موضوع کی مناسبت سے فکر انگیز تقریریں کیں۔دریں اثناء بہاولنگر کیمپس میں ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال کی زیر قیادت اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے یوم دفاع کے حوالے سے سیمینار اور خصوصی واک میں شرکت کی ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں