تعلیمی بورڈ بہاولپور کے امتحان میٹرک سالانہ 2016کے نتائج کی بنیاد پر سپیشل گروپ گونگے بہرے طلباء و طالبات کو خصوصی انعامات اور میرٹ سرٹیفکیٹس کی تقسیم

جمعرات 21 جولائی 2016 19:41

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جولائی ۔2016ء) تعلیمی بورڈ بہاولپور کے زیر اہتمام منعقدہ امتحان میٹرک سالانہ 2016کے نتائج کی بنیاد پر سپیشل گروپ(Deaf & Dumb) گونگے بہرے طلباء و طالبات کو خصوصی انعامات اور میرٹ سرٹیفکیٹس کی تقسیم کیلئے ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام تعلیمی بورڈ بہاولپور کے میٹنگ ہال میں کیا گیا۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی سابق سیکرٹری اور موجودہ ممبر بورڈ ڈاکٹر عبدالرؤف تھے۔اس تقریب کی صدارت سیکرٹری بورڈ روفیسر رانا محمد عمران ارشد نے کی ۔ جبکہ بورڈ آفیسران کے علاوہ خصوصی بچوں کے اساتذہ کرام اور والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد اکرم تاڑر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیشل گروپ کے طلبا وطالبات کے ناموں کا اعلان کیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جناب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق تعلیم و تربیت کے میدان میں طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جاری ہے اور چیئرمین بورڈ پروفیسر رانا محمد مسعود اختر نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے بہاولپور بورڈ کے میٹرک امتحان میں سپیشل گروپ کے بچوں کو خصوصی انعامات دینے کے لئے فور ی طور پر ایک تقریب میں مدعو کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ اول ،دوم اور سوم پوزیشن کیلئے دس ہزار، سات ہزار، پانچ ہزار روپے کے انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم فرمائے، تفصیل کے مطابق وجیہہ کومل دختر امرزمان نے 1053نمبرلیکر اول پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

جبکہ رابعہ سرور دختر محمد سرور نے 1043نمبرکے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ صالحہ بتول دختر غلام علی نے 1041نمبرلیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح لڑکوں کے گروپ میں محمد اشرف نے 1006نمبر حاصل کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔ ماجد شہزاد نے988نمبرکے ساتھ دوسری پوزیشن اوروقار احمد ولد افتخار احمد نے 984نمبرلیکرتیسری پوزیشن حاصل کی۔ گونگے اور بہرے بچوں کے اساتذہ اور والدین نے اس موقع پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کی تعریف کی اور ا طمینان کا اظہار کیا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں