پنجاب میں میاں برادران کی کرپشن پر مٹی نہیں ڈال سکتے ،جلد تحریک چلائیں گے ،سینیٹرچوہدری شجاعت حسین ،سستی روٹی سکیم کی آڑ میں اربوں روپے کی خورد برد ہورہی ہے ، (ن)لیگ کو مزید وقت دیا گیا تو صوبے کا دیوالیہ نکال دینگے

ہفتہ 12 جون 2010 16:02

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جون۔2010ء) مسلم لیگ(ق) کے صدر سینیٹرچوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ پنجاب میں سستی روٹی سکیم کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن جاری ہے ، جلدصوبائی حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیں گے کیونکہ اگر میاں برادران کو مزید وقت دیا گیا تو صوبے کا دیوالیہ نکال دیں گے ۔ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما ء سردار خالد محمود بابرسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی تھی اور تاریخ میں پہلی بار مرتبہ کوئی حکومت جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروا رہی تھی مگر قوم گواہ ہے کہ یہ ترقیاتی کام جہاں ہم نے چھوڑے تھے ابھی تک وہیں پر رکے ہوئے ہیں ۔

ہمارے دور میں پنجاب کے ہسپتالوں میں نہ صرف مفت ادویات فراہم کی جاتی تھیں بلکہ مریضوں کا علا ج بھی ہورہا تھا لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو یہ سب کچھ ختم ہوگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہا اس لئے عوام انتہائی پریشان ہے ۔سستی روٹی سکیم کی آڑ میں اربوں روپے کرپشن کی نظر ہوگئے اورآج خزانے میں ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میاں برادران اس وقت اپنے محل تیار کروارہے ہیں جس کے لئے ساری سرکاری مشینری کام کررہی ہے میاں برادران کی کرپشن پر مٹی نہیں ڈالی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم جنوبی پنجاب کو الگ صوبے بنانے کے حق میں ہیں۔ پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ ہر کسی کو اس کا حق مل سکے ۔چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ پنجاب حکومت کے خلاف تحریک چلانے کیلئے پارٹی عہدیداروں ،کارکنوں نے عوامی رابطہ مہم شروع کررکھی ہے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں