ہم نواز شریف کی باتوں کا برا نہیں مناتے بلکہ اپنی اصلاح کرتے ہیں ،وزیراعظم گیلانی ،ہمارے وزراء عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں ،عدالتوں کا اس سے بڑا احترام اور کیا ہوسکتا ہے ؟ ،عامر یار وارن سے گفتگو

جمعہ 2 جولائی 2010 18:45

بہاولپور( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2 جولائی۔2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تنقید کا برا نہیں مناتے یہ جمہوریت کا حسن ہے  پیپلز پارٹی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا تہیہ کررکھا ہے  جنوبی پنجاب پر اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 184 سے مستعفی ہونے والے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار ملک عامر یار وارن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی کیلئے اتنے فنڈز دیئے جارہے ہیں جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔بڑے میگا پراجیکٹس میں ملتان تا اوچ شریف 6 رویہ سڑک بھی شامل ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اسی طرح سوئی گیس علاقے کے دیہاتوں اور یونین کونسلوں کی سطح تک پہنچا دی گئی ہے ملتان میں 6 ہیڈ برجز پر بھی کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے یہ پانچ سال پورے کرے گی جبکہ اس کے بعد بھی کارکردگی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کی ہی حکومت بنے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم عدلیہ کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور اس کے فیصلوں پر پوری طرح عمل درآمد کریں گے ۔ہمارے وزراء عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں عدالتوں کا اس سے بڑا احترام اور کیا ہوسکتا ہے ؟ہم عدلیہ کا ہر فیصلہ قبول کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی باتوں کا برا نہیں مناتے بلکہ اپنی اصلاح کرتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کی تنقید جمہوریت کا حسن ہے اس سے جمہوریت میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی سرفہرست جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری بھی شامل ہیں ان چیلنجوں سے پوری قوم کو متحد ہوکر نمٹنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں دہشت گردی پر کافی حد تک کنٹرول کرلیا گیا ہے اس طرح بے روزگاری کو ختم کرنے کے بھی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور مہنگائی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میرا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اس لئے میں جنوبی پنجاب کے مسائل کو بہتر انداز میں جانتا ہوں ان کو حل کر کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مزید صوبے بننے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں