مولانا فضل الرحمن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر لیا گیا

مولانا فضل الرحمن نے یوم آزادی کے حوالے سے جو بیان دیا وہ غداری کے مترادف ہے، درخواست میں موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 14 اگست 2018 13:23

مولانا فضل الرحمن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر لیا گیا
بہاولپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2018ء) بہاولپور میں جمعیت علماء (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فضل الرحمن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہےذرائع کے مطابق شہری کلیم اللہ ایڈوکیٹ کی درخواست پر تھانہ کینٹ میں مولانا فضل الرحمن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے اباؤاجدادکے نظریے کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان مخالف بیان دیا ہے ۔

انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر جو بیان دیا ہے وہ غداری کے مترادف ہے۔اس لیے مولانا فضل الرحمن غداری پر مبنی بیان دیکر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مرتکب ہوئے ہیں۔
یاد رہے الیکشن کمیشن کے سامنے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ ہر سال 14 اگست یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اب کی بار ہم 14 اگست کو یوم آزادی نہیں منا سکتے کیونکہ ہماری رائے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن کے متنازعہ بیان پرشہباز شریف نے بھی تائید کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ فضل الرحمن سے متفق ہیں، کیا 14 اگست کے ساتھ شفاف الیکشن کی خوشی منا سکتے ہیں اس کا جواب نفی میں ہے۔مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف کے یوم آزادی نہ منانے کے بیان پر دونوں کے خلاف مقدمے کی درخواست لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔مولانا فضل الر حمن کو جشن آزادی نہ منانے کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن پر تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے بہت قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا ہے۔کسی بھی محب وطن پاکستانی کو ایسا بیان دینا زیب نہیں دیتا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں