پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ کا اجلاس لاہور سے باہر کسی دوسرے شہر میں ہوگا

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اجلاس میں شرکت کیلئے بہاولپور پہنچ گئے، اضافی خرچہ بچانے کیلئے کابینہ کے تمام اراکین بذریعہ ٹرین بہاولپور پہنچے

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 دسمبر 2018 20:24

پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ کا اجلاس لاہور سے باہر کسی دوسرے شہر میں ہوگا
بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 دسمبر2018ء) پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ کا اجلاس لاہور سے باہر کسی دوسرے شہر میں ہوگا، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اجلاس میں شرکت کیلئے بہاولپور پہنچ گئے، اضافی خرچہ بچانے کیلئے کابینہ کے تمام اراکین بذریعہ ٹرین بہاولپور پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کا اجلاس کل بروز ہفتہ کو بہاولپور میں ہوگا ۔

اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے ۔اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزراء سمیت دیگر اعلیٰ افسران بہاولپور روانہ ہو گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں 20نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا ۔وزیراعلی کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق بھی اجلاس ہوگا جبکہ وزیراعلی کو بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے وکلا اور بہاولپور چیمبر آف کامرس کا وفد بھی ملاقات کرے گا۔ تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورپارٹی عہدیداران سے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے صوبائی وزراء اضافی خرچہ بچانے کیلئے ٹرین کے ذریعے بہاولپور روانہ ہوئے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ کا اجلاس لاہور سے باہر کسی دوسرے شہر میں ہوگا۔

اس حوالے سے صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ و اربن ڈیویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کا بہاولپور میں انعقاد جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ ہمارا اظہارِ یکجہتی ہے اور اسکا مقصد جنوبی پنجاب کے عوام کا احساسِ محرومی ختم کرنا ہے۔ کفایت شعاری کا صرف عزم نہیں بلکہ عمل کے ذریعے پرچار کریں گے۔ دوسرے صرف کہتے ہیں ہم کرکے دکھا رہے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء کا بذریعہ ٹرین سفر کرنا کفایت شعاری کی بہترین مثال ہے۔ ہم اپنی سرکاری گاڑیوں پر بھی جا سکتے تھے لیکن ہم نے ذاتی جیب سے پیسے ڈال کر عوامی سفر کو ترجیح دی۔ ہم عوامی مسائل کے حل کے صرف دعوے نہیں عملاً بھی کر کے دکھائیں گے۔ وزراء کی واپسی بھی بذریعہ ٹرین ہی ہو گی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں