وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سادگی کا پول کھُل گیا

سابق وزیراعلیٰ کے ساتھ بہاولپور میں 11 گاڑیوں کا پروٹوکول موجود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 29 دسمبر 2018 12:57

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سادگی کا پول کھُل گیا
بہاولپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 دسمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سادگی کی اکثر اوقات تعریفیں کرتے نظر آتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سادگی کا پول اُس وقت کھُل گیا جب بہاولپور میں انہیں 11 گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ دیکھا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار 11 گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ سرکٹ ہاؤس سے نور محل گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تو کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا لیکن حکومتی نمائندوں نے اپنے ہی دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر تین روزہ دورے پر بہاولپور میں موجود ہیں جہاں وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اولڈ کیمپس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

سرکٹ ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے مختلف دفاتر کے اچانک دورے بھی متوقع ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ کا اجلاس لاہور سے باہر کسی دوسرے شہر میں ہوگا۔اضافی خرچہ بچانے کے لیے صوبائی کابینہ کے تمام اراکین بذریعہ ٹرین بہاولپور پہنچے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا ۔وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق بھی اجلاس ہوگا جبکہ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کو بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی صوبہ پنجاب کا معاملہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے سے مکمل طور پر غائب ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں