بہاولپور میں طالب علم نے استاد کوچھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا

قاتل کا کہنا ہے کہ استاد مذہب مخالف خیالات رکھتا تھا اور کالج میں الودائی پارٹی کروانا چاہتا تھا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 20:33

بہاولپور میں طالب علم نے استاد کوچھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا
بہاولپور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ2019ء) بہاولپور ایس ای کالج کے طالب علم نے استاد کو مذہب مخالف خیالات رکھنے کی وجہ سے قتل کر دیا۔ ایس ای کالج کے طالب علم خطیب علی نے شعبہ انگریزی کے استاد خالد حمید کوکالج کے اندر چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ڈی پی او دفتر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے ایس ای کالج کے شعبہ انگریزی کے سربراہ خالد حمید کو انکے ہی طالب علم نے قتل کیا۔ مبینہ قاتل نے اپنے استاد پر چھریوں کے پے در پے وار کیے جس سے حمید خالد زخمی ہو گئے جبکہ موقع پر موجود لوگوں نے خطیب علی کو پکڑ لیا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ خالد حمید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قاتل رواں ہفتے کالج میں ہونے والی ایک الودائی تقریب کے خلاف تھا کیونکہ اس کے خیال میں یہ اسلام کے خلاف تھی۔

مبینہ قاتل نے بتایا کہ مقتول استاد پڑھاتے ہوئے اسلام مخالف باتیں کرتے تھے لیکن جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ کیا کہتے تھے تووہ کوئی جواب نہ دے سکا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول پروفیسر خالد حمید کالج کے انگریزی کے شعبہ کے ہیڈ تھے اور قتل کیے جانے کے وقت کالج میں ہی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر تیمور نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے تا کہ اگر اس معاملے میں کوئی اور بھی ملوث ہے تو اسے بھی پکڑا جا سکے، ٹیم قتل کے محرکات پر بھی تحقیق کرے گی۔

خالد حمید کے رشتہ داروں نے کہا ہے کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے اور اس کی وجہ معاشرے میں پھیلتا عدم برداشت ہے ورنہ خالد حمید جیسے نرم خو اور دھیمی آواز میں بولنے والے شخص یوں اس حادثے سے دوچار نہ ہوتے ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے 2017 میں خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے ایک طالب علم مشال خان کو بھی جامع کے طلباء نے مذہب کی توہین کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے مجرمان پکڑے نہ جا سکے جس کے بعد اسلامیہ کالج چارسدہ میں بھی ایک طالب علم نے اپنے پرنسپل پر توہینِ مذہب کا الزام لگا کر انہیں قتل کر دیا تھا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں