بہاولپور کو دیکھنا اور اس کے بارے میں جاننا میرے لئے بڑی خوش قسمتی کی بات ہے ، پاکستان کا اصل چہرہ بہاولپور اور چولستا ن جیسے مقامات کو دیکھنے سے نظر آتا ہے ۔ اسلام آباد میں رہتے ہوئے پاکستان کی ثقافت کو جاننا اورمقامی لوگوں سے ملنا بہت مشکل کام ہے،پاکستان میں ناروے کی سفیر سیسلی لینڈزورک کا چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

بدھ 17 اکتوبر 2012 19:45

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17اکتوبر۔ 2012ء) پاکستان میں ناروے کی سفیر سیسلی لینڈزورک نے کہا ہے کہ بہاولپور کو دیکھنا اور اس کے بارے میں جاننا میرے لئے بڑی خوش قسمتی کی بات ہے ، پاکستان کا اصل چہرہ بہاولپور اور چولستا ن جیسے مقامات کو دیکھنے سے نظر آتا ہے ۔ اسلام آباد میں رہتے ہوئے پاکستان کی ثقافت کو جاننا اورمقامی لوگوں سے ملنا بہت مشکل کام ہے۔

وہ یہاں چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔نارویجن سفیر نے کہا کہ بہاولپور آکر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور یہاں آنے کا مقصد لوگوں سے ملاقات اور ان کی سوچ اور ترقی سے واقفیت حاصل کرنا ہے کیونکہ انہی لوگوں کی وجہ سے ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے ۔ چولستان کی ثقافت بہت وسیع اور ورثہ بہت قدیم ہے ہم مستقبل میں ایسے پروگرام بنائیں گے جس سے چولستان اور بہاولپور کی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کرایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل نے معزز مہمان نارویجن سفیر کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی سرگرمیوں میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ ناروے کی حکومت اور سفارت خانہ مقامی لوگوں کی بہبود اور یہاں کی ثقافت کی ترویج کے لیے خصوصی توجہ دے گا ۔فاروق اور احمد خان نے تجویز پیش کی کہ پاکستان اور ناروے کی عوام ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں خاص طور پر فنکاروں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے اس سلسلے میں حکومتی سطح پر سفری سہولیات کو زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جائے۔

نارویجن سفیر نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی دعوت پر نواحی علاقے عباس نگر کا دورہ کیا اور چنری بنانے والی خواتین کے پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا ۔ جس کے دوران انہوں نے چنری بنانے والی خواتین سے تبادلہ خیال کیا ۔چولستا ن ڈویلپمنٹ کونسل کی ڈائریکٹر پروگرام رضیہ ملک نے نارویجن سفیر کے مختصر دورے کو مفید قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس دورہ کے بعد دونوں ممالک میں ثقافتی ترویج و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک آپس میں مزید دوستانہ تعلقات استوار کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔

کمپیننگ آفیسر علیم احمد خان نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے بارے میں بریفننگ دی جبکہ نارویجن سفیر کے اعزاز میں مقامی موسیقی کی محفل بھی سجائی گئی جس میں چولستانی فن کار ناگولعل نے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے داد وصول کی ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں