ملک میں دہشت گردی، سفارش،رشوت اور دھاندلی کا بازار گرم ، ہرطرف اندھیروں کا راج ہے، کرپٹ مافیا کی کرپشن کی وجہ سے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملیں بند اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں، عوام سیاسی مداریوں کے باتوں میں نہ آئیں مسلم لیگ (ن) ہی بہاولپور کو صوبہ بنائے گی۔ \"پڑھے لکھے پنجاب \"کے نام پر تعلیم کا بیڑا غرق کیاگیا اور سفارشی اساتذہ بھرتی کئے گئے۔ آئندہ الیکشن کسی کو ہٹانے یا لانے کے لئے نہیں بلکہ ملکی بقا اور سلامتی کے لئے ہیں، مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر لٹیروں سے ایک ایک پائی وصول، قوم کو زر بابا چالیس چوروں سے نجات اور بجلی کے اندھیرے ایک سال میں ختم کرئیگی ۔ تھانہ کچہری میں لوگوں کو انصاف نہیں ملتا،ہمارے بزرگوں نے لاکھوں قربانیاں دیکر یہ ملک حاصل کیا جس میں نواب صادق عباسی کی قربانیاں بھی شامل ہیں لیکن مقام افسوس ہے کہ اس ملک کو کھوکھلاکردیاگیاہے۔ پونے پانچ برس کے دوران بہاولپور ڈویژن میں 19ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بہاولپور کے علاقے ہیڈ راجگان میں بڑے جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 29 دسمبر 2012 20:37

بہاولپور/احمد پور شرقیہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29دسمبر۔ 2012ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی، سفارش،رشوت اور دھاندلی کا بازار گرم ، ہرطرف اندھیروں کا راج ہے، کرپٹ مافیا کی کرپشن کی وجہ سے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملیں بند اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں، عوام سیاسی مداریوں کے باتوں میں نہ آئیں مسلم لیگ (ن) ہی بہاولپور کو صوبہ بنائے گی۔

\"پڑھے لکھے پنجاب \"کے نام پر تعلیم کا بیڑا غرق کیاگیا اور سفارشی اساتذہ بھرتی کئے گئے۔ آئندہ الیکشن کسی کو ہٹانے یا لانے کے لئے نہیں بلکہ ملکی بقا اور سلامتی کے لئے ہیں، مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر لٹیروں سے ایک ایک پائی وصول، قوم کو زر بابا چالیس چوروں سے نجات اور بجلی کے اندھیرے ایک سال میں ختم کرئیگی ۔

(جاری ہے)

تھانہ کچہری میں لوگوں کو انصاف نہیں ملتا،ہمارے بزرگوں نے لاکھوں قربانیاں دیکر یہ ملک حاصل کیا جس میں نواب صادق عباسی کی قربانیاں بھی شامل ہیں لیکن مقام افسوس ہے کہ اس ملک کو کھوکھلاکردیاگیاہے۔

پونے پانچ برس کے دوران بہاولپور ڈویژن میں 19ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔وہ ہفتہ کو یہاں بہاولپور کے علاقے ہیڈ راجکاں میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں ملک سے کرپشن اور کرپٹ مافیا سے نجات کیلئے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیں۔لٹیروں سے قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کرکے عوام کے قدموں پر نچھاور کردیں گے۔

زربابا چالیس چوروں کی لوٹ مار سے صنعت و زراعت سمیت تمام شعبے تباہ ہوگئے ہیں ۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر بجلی کے اندھیرے ایک سال میں ختم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں نے جس طرح بیدردی سے قومی دولت لوٹی ہے اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم محمد نواز شریف کی قیاد ت میں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے اور پاکستان کو قائد واقبال کا پاکستان بنانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

پنجاب حکومت نے دیانتداری سے عوام کی خدمت کی ہے،قومی دولت کو امانت سمجھ کر غریب عوام کے قدموں پر نچھاور کیاہے۔ملک سے غربت او ربیروزگاری کا خاتمہ کرکے خوشحالی کا انقلاب لائیں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں بہاولپور ڈویژن میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔ ہم نے اس خطے کی بھی دل و جان سے خدمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئندہ ماہ بہاولپور میں 3ارب روپے سے نیا جدید ہسپتال کام شروع کردے گا۔

بہاولپور کی ترقی پر جتنے وسائل ہماری حکومت نے صرف کئے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ چولستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 50کروڑ روپے کی لاگت سے فارم بنائے گئے ہیں ۔ آئندہ چولستان میں پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں6ارب روپے کی سبسڈی کے ذریعے بغیر سفارش کے چھوٹے کاشتکاروں کو 20ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے گئے ہیں اور نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔

ہم نے میرٹ کی بنیاد پر صوبے میں 70ہزار باصلاحیت اساتذہ بھرتی کئے ہیں۔گزشتہ دورآمریت میں \"پڑھے لکھے پنجاب \"کے نام پر تعلیم کا بیڑا غرق کیاگیا اور سفارشی اساتذہ بھرتی کئے گئے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ۔ رکن قومی اسمبلی سعود مجید نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے علاقے میں برادری اور تعصب کی سیاست ختم کردی ہے۔

ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں او رعلاقے کے نادار و بے سہارا افراد کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں بہاولپور کا استحصال کیاگیا اور اس کے حقوق سلب کئے گئے۔ یہاں کا دریا دیکر چولستانیوں کو پانی سے محروم کیاگیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے بہاولپور کی تحصیل یزمان میں ساڑھے 13کروڑ روپ کی لاگت سے بہاولپور تا یزمان دوریہ سڑک کا افتتاح کیا۔

انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر یزمان کا بھی افتتاح کیا جس پر 4کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔صوبائی وزیر ملک اقبال چنڑ،مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سعود مجید، بلیغ الرحمن، مقامی مسلم لیگی راہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں