بہاولپورصوبہ بحالی کیلئے اذان دیدی ، اہل بہاولپور صفیں درست کرلیں،ہتھیلی پر آگ رکھی ہوئی ہے پھونک ماری تو تباہی ہو جائیگی ،پاکستان کیلئے اپنی بادشاہی و ریاست قربان کی ، سیاستدانوں نے ہمار ے ساتھ مذاق کیا،ا ب کسی سیاسی کھیل میں نہیں پھنسیں گے، پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے پہلے صوبہ بہاولپور بحالی و نئے صوبے کے قیام کیلئے مشترکہ قرارد داد منظور کروائی پھرمنحرف ہو گئیں، بینظیر بھٹو کے اقتدار میں آکر بہاولپور صوبہ بحال کرنے کے وعدے پر الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حمایت کی تھی ، اب بے نظیر کے وعدوں کی تکمیل کیلئے پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ، امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کا جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 1 فروری 2013 22:48

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1فروری۔ 2013ء) امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے اپنی بادشاہی اور ریاست قربان کر دی لیکن سیاستدانوں نے ہمار ے ساتھ مذاق کیا،ا ب کسی سیاسی کھیل میں نہیں پھنسیں گے،پہلے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی سے صوبہ بہاولپور بحالی اور نئے صوبے کے قیام کیلئے مشترکہ قرارد داد منظور کروائی لیکن بعد میں دونوں جماعتیں منحرف ہو گئیں،(ن) لیگ کے نئے صوبوں کے حوالے سے کمیشن کے اجلاسوں کا بائیکاٹ کے پیچھے عزائم تھے اگر وہ ہمدرد ہوتے تو آج صوبہ بہاولپور بحال ہو چکا ہوتا، شہید بے نظیر بھٹو کغ اقتدار میں آکر بہاولپور صوبہ بحال کرنے کے وعدے پر گذشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حمایت کی لیکن زندگی نے انہیں مہلت نہ دی اور آج شہید بے نظیر بھٹو کے وعدوں کی تکمیل کیلئے پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں،بہاولپورصوبہ بحالی کیلئے اذان دیدی ہے اہل بہاولپور اپنی صفیں درست کرلیں،ہتھیلی پر آگ رکھی ہوئی ہے پھونک ماری تو تباہی ہو جائیگی۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں فرید گیٹ پر صوبہ بہاولپور بحالی کے سلسلے میں منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی سے بہاولپور صوبہ بحالی اور نئے صوبے کے قیام کی مشترکہ قرار داد منظور کروائی اور جب قومی اسمبلی نے کمیشن بنایا تو مسلم لیگ(ن) نے بائیکاٹ کر دیا اور دونوں بڑی جماعتیں اپنے وعدوں سے منحرف ہوگئیں۔

(ن) لیگ کی نیت صاف ہوتی تو پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے قرارداد پاس کراتی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) 1906جبکہ پیپلز پارٹی1970میں بنی لیکن ہمارے آباؤ اجداد نے 300سے زائد تک عوام کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آباوء اجداد نے پاکستان کیلئے اپنی بادشاہی اور ریاست کی قربان کر دی ۔ انہوں نے کہا ہماری ریاست کا نشان دریائی پرندہ پیلکن ہے جو خوراک نہ ملنے پر اپنے بچوں کو اپنا گوشت کھلا دیتا تھا اور میں اپنا گوشت دے چکا ہوں ہڈیا ں باقی ہیں یہ بھی ریاست بہاولپورکے عوام پر قربان ہیں۔

نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ سابق گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے اعلان کیا تھا کہ بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی صوبہ ہرگز منظور نہیں ہے اور بہاولپور صوبہ بحالی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہادوں گا۔نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ آج رحیم یارخان ،بہاولپور اور بہاولنگر کی تمام تحصیلوں سے عوام کا سمندر اس بات کی گواہی دے رہاہے کہ انشاء اللہ جلد بہاولپورصوبہ بحال ہوجائے گا۔

نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ بہاولپورکے عوام کی خدمت کرتے ہوئے 1866ء میں نواب محمدبہاول خاں عباسی رابع نے قربانی د ی اور 1899ء میں نواب صادق محمدخاں عباسی رابع کوقتل کیا گیا 1960ء میں نواب بہاول خاں عباسی کو زہر دے کر مارا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتااورانشاء اللہ اپنی عوام کو اُن کا صوبہ بحالی کا حق دلاکراپنے بزرگوں کے سامنے سرخروہوں گا۔

قبل ازیں سابق وفاقی وزیر صدر بہاولپورنیشنل عوامی پارٹی محمدفاروق اعظم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہاولپورصوبہ بحالی کا فیصلہ ہوچکا ہے اور فرید گیٹ وہ تاریخی مقام ہے جہاں ہمارے نوجوان صوبہ کی جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا گیا کہ نواب صلاح الدین عباسی نے تحریک کا سودا کردیا۔ نواب آف بہاولپور نے کہا کہ ہمارے باپ دادا نے سودا نہ کیا میں بھی سودا نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ حکمران کان کھول کر سن لیں ہمیں کسی سے کوئی ناراضگی نہیں لیکن جو ہمارا حق کھائے گا ہم اُس کی انتڑیوں سے اپنا حق چھین لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواب بہاولپور کے حکم پر صبر کیا ، ہماری زمینیں، ہمارا دریا بک گیا ، اپنے وقت کے خوشحال بہاولپوریوں کوبھکاری بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اورنوازشریف دونوں نے ہمیں دھوکہ دیا۔

زرداری نے صوبہ بحالی اور میاں نوازشریف نے قراردادپاس کرنے کا کہا بعد میں کمیشن سے بھاگ گئے۔ اب جب الیکشن قریب آرہے ہیں تو ن لیگ صوبہ بحالی کے نعرے لگارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مائی کے لعل کی طاقت نہیں کہ ہمارے حقوق کا سودا کرسکے۔ جلسے کے لئے ہماری اجازتیں روک دی گئیں۔ محسن پاکستان نواب صادق عباسی کے پوتے کو جلسے کی اجازت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ جہاز کے ذریعے جلسے کے اشتہارات پھینکنے تھے اجازت نہ ملی۔ بزدل حکمران ایک نہتے بندے سے ڈرتے ہیں۔فاروق اعظم ملک نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تاریخی جملے کہے کہ میں سب کا احسان اتارچکا ہو ں نواب صادق کا احسان نہیں اتارسکا، آپ گورنر جنرل بن جائیں لیکن نواب صادق نے گورنرجنرل بننے سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ زرداری اور میاں برادران کے پاس موقع تھا لیکن گنوادیا، سارے ملک کو لوٹنے والے گیلانی کے دِل میں ہمارا درد ہے۔236ارب روپے ملتان میں لگائے ہمیں 236روپے نہیں دئیے ہم فقیر نہیں ۔ہم اپنے بچوں کے لئے نوکریاں لیں گے۔ چولستان کی زمینیں بھی مقامی لوگوں کو ملیں گی۔ اگر کسی نے صوبہ بحال کرنا ہے تو الیکشن سے پہلے کرے ہم سرآنکھوں پر بٹھائیں گے ورنہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

جلسہ عام سے مرکزی سیکریٹری اطلاعات BNAPمحمدجاوید خان دولت زئی، سابق ناظم صادق آباد میرفضل الرحمن فضلی سابق امیدوار حلقہ پی پی 275چوہدری محمدسعید ، مرکزی نائب صدر کسان بورڈ پاکستان جام حضور بخش لاڑ، ریاض احمد ناجی اکرام غازی۔ حاصل پور،ملک علیم سابق ناظم احمدپورشرقیہ، بہاولپور لائرز فورم کے مخدوم سہیل جبلہ قریشی ،حفیظ خاں۔ شاہداختربلوچ،کرم شیر لودھی ،تیمورثمین خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

جلسہ کے دوران نوجوان ، مردوخواتین، بزرگ پرجوش انداز میں BJPنامنظور ، بہاولپورصوبہ بحال کرو کے نعرے لگاتے رہے۔ جلسہ میں میاں فیض الرشید عباسی، ملک اعجاز چنڑ شیر بہاولپور ،سید امتیازشاہ، شیرشاہ، رحیم بخش لودھرا،رائے اللہ ڈتہ سابق ناظم چولستان، جمشیدخاں،وکلاء، تاجروں، طلباء وطالبات، خواتین و بزرگ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بہاولنگر،بہاولپور،لیاقت پور،احمدپور،خیرپورٹامیوالی، یزمان، جلسہ کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور بہاولپورصوبہ بحالی کے حق میں اجتماعی دعا کی گئی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں