حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث تعلیمی نظام تباہ ہو کر رہ گیا ،اس کے باعث معاشرتی برائیاں جنم لے رہی ہیں ،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والی حکومت میں شامل نہیں رہ سکتا ،ظلمت کے اندھیروں کو تعلیم کی روشنی سے ہی دور کیا جا سکتا ہے، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ( ن) کے رہنما میاں ریاض حسین پیزادہ کاخیر پور ٹامیوالی میں طالبات میں سولر ہوم سسٹم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 فروری 2013 22:36

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ( ن) کے رہنما میاں ریاض حسین پیزادہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 65سالوں میں حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث تعلیمی نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث معاشرتی برائیوں نے جنم لیا۔ میاں نواز شریف کا ساتھ میں دینے کا فیصلہ اس لئے کیا کہ میں کسی ایسی حکومت میں شامل نہیں رہ سکتا جس نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔

یہ جہالت کی ہی ظلمت ہے جس نے ملک کو دہشت گردی کی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور اس ظلمت کے اندھیروں کو تعلیم کی روشنی سے ہی دور کیا جا سکتا ہے ۔وہ ہفتہ کو گرلز ہائی سکول خیر پور ٹامیوالی میں خادم اعلی پنجاب اجالا پروگرام کے تحت طالبات میں سولر ہوم سسٹم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ مضبوط ایجوکیشنل سسٹم بنا کر ہی ہم ایسی قوم تیار کرسکتے جو دنیا میں سر اٹھا کر چل سکے۔

انہوں نے کہا کہ فرسودہ ایجوکیشن سسٹم نے ایسی پولٹیکل لیڈر شپ کلاس پیدا کی جو ملکی مسائل کا ادراک نہیں رکھتی تھی ۔ حکمرانوں نے ہمارے علاقے کے تعلیمی اداروں اور علاقوں کو اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ایجوکیشن ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے اب وہ دور گزر گیا کہ جب فرسودہ نظام کے تحت ہم اپنی بیٹوں ،بہنوں کو گھرو ں میں بیٹھا دیتے تھے آج کی عورت ملکی ترقی میں اتنا ہی کردار ادا کررہی ہے جتنا کہ ایک مرد ادا کر رہا ہے۔بعد ازاں ریاض حسین پیرزادہ نے 60فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والی نہم کلاس کی طالبات میں سولر سسٹم تقسیم کیے۔ تقریب سے سنیئر ہیڈ مسٹریس مسز کشور رشید ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں