پاکستان اور امریکہ کے دوست اور دشمن مشترک ہیں ۔ ریان سی کروکر

منگل 6 مارچ 2007 17:40

پاکستان اور امریکہ کے دوست اور دشمن مشترک ہیں ۔ ریان سی کروکر
بہاولپور (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار06 مارچ2007) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ریان سی کروکر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، امریکہ پاکستان کے غیر ترقی یافتہ سرحدی علاقوں اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی تجارتی زون بنا رہا ہے، پاکستان کو آئندہ پانچ سالوں کیلئے تین ارب ڈالر کی اقتصادی امداد فراہم کی جائے گی، دونوں ممالک کے درمیان جلد تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا، نائن الیون کے بعد امریکہ اور پاکستان کے دشمن اور دوست مشترک ہیں، آئندہ سال تک امریکہ کی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کی درآمد شروع ہو جائے گی۔

ان خیالات کا اظہارر انہوں نے منگل کے روز یہاں ایوان صنعت تجارت کے مجلس عاملہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ریان سی کروکر نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان کاکردار انتہائی اہم ہے جس کی بدولت دہشتگردی کے نیٹ ورک کو کمزور بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات انتہائی بہتر ہیں اور انہیں مزید مستحکم کیا جا رہا ہے امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔

ریان سی کروکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے غیر ترقی یافتہ سرحدی علاقوں اور زلزلہ سے تباہ حال علاقوں میں خصوصی تجارتی زون بھی قائم کر رہا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان دونوں کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے نائن الیون کے بعد دونوں کے دوست اور دشمن مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دے رہا ہے امریکہ پاکستان کی اشیاء کا سب سے بڑا خریدار رہا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ پانچ سال میں تین ارب ڈالر کی اقتصادی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک جلد تجارتی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد سرمایہ کاری اور آزاد تجارت کا فروغ ہے۔ ریان سی کروکر نے کہا کہ آئندہ سال تک امریکہ کی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کی درآمد شروع ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں