سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالہ ،ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،رواں ماہ کے آخر تک متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کے لئے معاوضوں کی ادائیگی شروع کر دی جائے گی، جن علاقوں میں سڑکیں اور گھر تباہ ہوئے ان کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا،متاثرین کو مفت کھاد اور بیج فراہم کئے جائیں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اوچ شریف کے قریب بلہ جھلن کے مقام پر متاثرین سیلاب کے اجتماع سے خطاب

منگل 3 ستمبر 2013 20:22

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3ستمبر۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالہ ا ور ان کی بحالی تک میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ رواں ماہ کے آخر تک متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کے لئے معاوضوں کی ادائیگی شروع کر دی جائے گی، جن علاقوں میں سڑکیں اور گھر تباہ ہوئے ہیں ان کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

وہ منگل کو یہاں اوچ شریف کے قریب بلہ جھلن کے مقام پر متاثرین سیلاب کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا سروے کریں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کے کاموں کی ذاتی طور پرنگرانی کریں گے اور جن علاقوں میں سڑکیں اور گھر تباہ ہوئے ہیں ان کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو مفت کھاد اور بیج فراہم کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھرمیں لوگوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے طویل المیعاد منصوبے بنائے جائیں گے جس کے بارے میں ڈیڑھ ماہ کے اندر رپورٹ پیش ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کے دوران انتظامی افسران کے علاوہ منتخب نمائندوں نے ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے دریا کے بند کا معائنہ کیا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن اسد اللہ خان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے بہاو ل پور ڈویژن کے 218مواضعات متاثر ہوئے جس سے 74ہزار 857افراد بے گھر ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ اس سیلاب سے ڈویژن بھر میں 109350ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصل متاثر ہوئی۔کمشنر نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈویژن بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 57فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کی طرف سے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے وزیر اعلیٰ کو سیلاب کی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں