چولستان میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا آغاز جلد کر دیا جائے گا،10 ہزار ایکڑ رقبہ پر مشتمل اس منصوبہ میں سرسبز و شاداب ہارٹیکلچر ویلیج بھی بنایا جائے گا جہاں تمام جدید سہولیات بشمول انفراسٹرکچر، سڑکیں، واٹر فلٹریشن پلانٹس،بچوں کے تفریحی پارک ،کمیونٹی سنٹر، مسجد اور ڈسپنسری بھی شامل ہوں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی دین گڑھ یزمان میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت

منگل 3 ستمبر 2013 20:35

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3ستمبر۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چولستان میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا آغاز جلد کر دیا جائے گا،چولستان کے10 ہزار ایکڑ رقبہ پر مشتمل اس منصوبہ میں سرسبز و شاداب ہارٹیکلچر ویلیج بھی بنایا جائے گا جہاں تمام جدید سہولیات بشمول انفراسٹرکچر، سڑکیں، واٹر فلٹریشن پلانٹس،بچوں کے تفریحی پارک ،کمیونٹی سنٹر، مسجد اور ڈسپنسری بھی شامل ہوں گے۔

وہ منگل کو دین گڑھ یزمان میں قائد اعظم سولر پارک کی سائٹ کے معائنہ کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک منصوبہ میں چولستانیوں اور مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبہ کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور سولر پارک میں تمام ترقیاتی کاموں کے معیار کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ شفافیت برقرار رکھنے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سولر پارک میں توسیع کی گنجائش رکھی گئی ہے اور اس منصوبے کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور انجینئرز کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خان نے منصوبہ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چولستان کا رقبہ66لاکھ 50ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے جس کی آبادی 2لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔انہوں نے بتایا دین گڑھ میں سورج کی تپش 10سے12گھنٹے ہے جو سولر پلانٹ کے لئے انتہائی موزوں ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں