کراچی کے مسئلہ کاحل فوج نہیں قانون اورآئین کی حکمرانی ہے ، حکومت تمام جماعتوں کے ساتھ متفقہ پالیسی طے کرے،جب حکمران نالائق ہوجائیں تودیگرقوتیں مداخلت کرتی ہیں،چےئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 4 ستمبر 2013 21:19

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4ستمبر۔ 2013ء) چےئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ کراچی کے مسئلہ کاحل فوج نہیں بلکہ قانون اورآئین کی حکمرانی کراچی کے مسائل کاحل ہے ، حکومت تمام جماعتوں کے ساتھ متفقہ پالیسی طے کرے،جب حکمران نالائق ہوجائیں تودیگرقوتیں مداخلت کرتی ہیں۔ وہ بدھ کو یہاں جامعہ نظامیہ مصطفی میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

مفتی منیب الرحمان نے مزید کہا کہ جو لوگ عوامی مینڈیٹ کے دعویدار ہیں عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت بھی انہی کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داری کوسمجھے اورتمام جماعتوں کے ساتھ ملکر کراچی کے مسئلہ پر متفقہ پالیسی طے کرے جس پرتمام جماعتیں ثابت قدم رہیں تاکہ ناکامیوں اورکامیابیوں میں تمام حصہ دار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قوم نے دینی عناصر کو کبھی اقتدار نہیں دیا اگر قوم اقتداردے توناکامی کی صورت میں قوم ہمیں پکڑ سکتی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شام کے مسئلہ پر مسلم حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری کامظاہرہ نہیں کیا ۔اتنے عرصہ سے شام میں مسلمانوں کاخون بہہ رہاہے مگر مسلم حکمران خاموش ہیں جب حکمران نالائق ہوجائیں اوراپنے مسائل حل نہ کرسکیں تودیگرقوتیں مداخلت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شام پر متوقع امریکہ حملہ بین الاقوامی قانون کاعلم رکھنے والا اور جمہوریت پسندی کی تائید کرنے والا کبھی بھی حمایت نہیں کریگا ۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم المدارس ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے بھر پور جدوجہد کررہی ہے۔اس موقع پر علامہ عبدالرزاق شائق ،پروفیسر عون محمدسعیدی، مفتی محمدکاشف سعیدی ، سید محمدخالدشاہ ، مفتی جاویدمصطفی سعیدی، ڈاکٹررضوان اشرف ،قاری یسین ، مہرمحمدجمیل شاہین ،قاری ذوالفقار نقشبندی بھی موجودتھے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں