بہاولپور میں قائداعظم سولرپارک منصوبے کی تعمیر کا افتتاح کردیا گیا،ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہوسکے گی، وزیر اعلیٰ کوقائداعظم سولرپارک کیلئے مختص کی گئی 10ہزار ایکڑ اراضی اور منصوبے بارے بریفنگ دی گئی،200ارب لاگت آئیگی، جنوبی پنجاب کوملک کا بہترین حصہ بنائینگے، نئے ہوٹل، ایئرپورٹ ، نئی سڑکیں اور نئے شہرآباد ہونگے‘ شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 اکتوبر 2013 15:17

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اکتوبر 2013ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے قائداعظم سولرپارک منصوبے کی تعمیر کا افتتاح کردیا،200 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہوسکے گی۔بہاولپور کے علاقے نوسربلوچاں میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو قائداعظم سولرپارک کے لئے مختص کی گئی 10 ہزار ایکڑ اراضی اور منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کوملک کا بہترین حصہ بنائیں گے، نئے ہوٹل، ایئرپورٹ ، نئی سڑکیں اور نئے شہرآباد ہوں گے۔ اس کے لئے موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 31 مارچ تک 100 میگا واٹ بجلی بنائی جائے گی جبکہ باقی 900 میگاواٹ کے لئے بجلی کی ترسیل کا نظام بنانا پڑے گا جس کے بعد امید ہے کہ ایک سال میں ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم سولرپارک منصوبے میں 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، جس سے بہاولپور شہر کو کئی نئی جہتیں ملیں گی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو جنوبی پنجاب کا چیمپئین کہا جاتا تھا لیکن بہاولپور کے عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ان کے تمام دعوے غلط ثابت کردیئے، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سولر پراجیکٹ کا سنگ بنیاد وزیراعظم نوازشریف خود رکھیں گے، بہاولپور کے عوام نے انہیں اور نوازشریف کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کے ذریعے ہم انشا اللہ اس خطے کی تاریخ بدل دیں گے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں