حکومت کی گندم پر سبسڈی عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہے، عبدالعلیم خان

گندم حاصل کر کے آٹا کی غیر قانونی بین الصوبائی ترسیل کرنے والی ملوں کا کوٹہ ختم کیا جائے،سینئر صوبائی وزیر خوراک کا کمشنر آفس میں اجلاس سے خطاب

جمعرات 6 اگست 2020 22:26

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2020ء) سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک عبد العلیم خاں نے کہا ہے کہ حکومت کی گندم پر سبسڈی عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہے۔ حکومتی سبسڈی سے گندم حاصل کر کے آٹا کی غیر قانونی بین الصوبائی ترسیل کرنے والی ملوں کا کوٹہ ختم کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے کمشنر آفس بہاول پور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویڑن آصف اقبال چوہدری، صوبائی سیکرٹری خوراک اسد الرحمن گیلانی، ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خان سیال، ڈائریکٹر فوڈ سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب پیرزادہ، ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک، محکمہ فوڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ آٹا کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور مقرر کردہ نرخ سے زائد آٹا فروخت کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر کریانہ کی دکان اور ڈیپارٹمنٹل سٹورپر آٹا کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ فوڈ کے افسران موثر انداز میں مانیٹرنگ کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی ایکس مل قیمت میں توازن لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔کمشنر بہاول پور ڈویڑن آصف اقبال چوہدری نے ڈویڑن بھر میں آٹا اور چینی کی دستیابی، کورونا وائرس تحفظ اقدامات، احساس پروگرام، انسداد ڈینگی، ٹڈی دل کنٹرول، شجرکاری مہم، محرم الحرام انتظامات اور ڈویڑن میں تعمیراتی منصوبوں کے حوالہ سے بریفنگ دی

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں