کرونا کی وجہ سے معطل کی گئی ٹرینوں اورختم کئے گئے سٹاپ بحال کردئیے گئے ہیں‘شیخ رشید احمد

تیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس شاندار ریلوے اسٹیشن کی تعمیر پر میں بہاولپور کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں ایم ایل ون کی صورت میں ملک میں انقلاب آئے گا پاکستان ریلوے کی تاریخ جو 1861 سے مسائل زدہ ہے مسائل سے نکلے گی‘وفاقی وزیر ریلوے

جمعرات 15 اکتوبر 2020 21:36

کرونا کی وجہ سے معطل کی گئی ٹرینوں اورختم کئے گئے سٹاپ بحال کردئیے گئے ہیں‘شیخ رشید احمد
بہاولپور/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے عارضی طور پر معطل کی گئی تمام ٹرینوں اور ان کے ختم کیے گئے سٹاپ بحال کردئیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ شالیمارایکسپریس کو ملتان ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاکہ ملتان کے لوگوں کو بھی شالیمار ٹرین پر سفر کی سہولت میسر ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی ریلوے شیخ رشید احمد نے بہاولپور کے نئے تعمیر ہونے والے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس شاندار ریلوے اسٹیشن کی تعمیر پر میں بہاولپور کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق نیاتعمیر شدہ ریلوے اسٹیشن تین پورشنز پر مشتمل ہے جس میں بیسمنٹ، گرائونڈفلور اور فرسٹ فلور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس اسٹیشن کا 43ہزار مربع فٹ ایریا کورڈ ہے، 22 نئی دوکانیںتعمیر کی گئی ہیں اس اسٹیشن پر 150 لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے جبکہ پارکنگ ایریا میں 128 کاروں اور 100 موٹرسایئکلوں کے لیے پارکنگ کی گنجائش ہے۔ مسافروں کے لیے ٹھنڈے پانی کے دوفلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں جن سے بیک وقت 300 مسافر پانی پی سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بہاولپور شہر سے میری زندگی کاگہرا رشتہ ہے بہاولپور کی تاریخ میں اس وقت بہاولپور ریلوے اسٹیشن کی بلڈنگ سب سے بہتر ہے ۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اسی مہینے وزیر اعظم پاکستان عمران خان حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی نئی تعمیر ہونیوالی بلڈنگ کا افتتاح کریںگے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی کی چینی وفدسے بات ہوئی ہے اسی ماہ کے آخر تک ایم ایل ون کا ٹینڈر بھی لگا دیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون ایک انقلاب ہوگا یہ 1861 کلومیٹر کا ٹریک ہے آئے روز کوٹری میں کوئی نہ کوئی حادثہ ہوجاتا ہے آپ اس بات کا خود اندازہ لگائیں کہ جس ملک میں 1861 کا پرانا ٹریک ہووہاں میں ریلوے اسٹیشنوں پر پیسے لگانے کا حامی نہیں ہوں ۔

اس سے پہلے ہمیں اپنے ٹریک ، سگلنلگ سسٹم اور اپنے مزدوروں کی ٹرینگ کی ضرور ت ہے۔ انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کے دور میںایم ایل ون کی صورت میں ملک میں انقلاب آئے اور پاکستان ریلوے کی تاریخ جو 1861 سے مسائل زدہ ہے ان مسائل سے نکلے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ سمہ سٹہ ریلوے اسٹیشن پر بھی کام شروع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میںنے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن کو ہدایت کی ہے کہ ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں جائز اضافہ کردیاجائے۔

کرایوںمیں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے کرایوں میںکمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ہم ریلوے کا خسارہ کم کرنے کے لیے آئے ہیں کیوںکہ پچھلے سال ہم نے آٹھ ارب روپے کا خسارہ کم کیا تھا اس سال کرونا کی وجہ سے خسارہ کم نہیں کرسکیں گے چار ماہ سے ٹرینیںاور ورکشاپس بند ہیں ۔ کراچی سرکلر ریلوے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارا کام مکمل ہے ہمارے انجن اور کوچز تیار ہیں اس حوالے سے سندھ حکومت اپنا کام مکمل کرے ۔ جب تک میں ریلوے کا وزیر ہوں کسی ریلوے ملازم کو ریلوے سے نہیں نکالا جائے گا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں