پاکستان لازوال قربانیوں کا ثمر ہے،بلیغ الرحمن

جمعرات 14 اگست 2014 20:35

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی ترقی ،خوشحالی اور جمہوریت کی بقاء کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کوآپریٹیو ملک اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم پی اے خالد وارن، فوزیہ ایوب قریشی، بیگم حسینہ ناز،مسلم لیگی رہنما عقیل نجم ہاشمی، حماد میرانی، ملک اعجاز چنڑ، میاں شاہد اقبال، عبد الخالق قریشی، شاہد عبد اللہ، غلام نبی ڈوگر، مہر ریاض، جمشید کریم اور مسلم لیگی ورکروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ کچھ سیاسی بونے ملک کی خوشحالی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں اور جشن آزادی کی تقریبات کو خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کے ورکر اس سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لئے قائد نواز شریف اور ان کی ٹیم دن رات کوشاں ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار اسٹاک ایکسچینج بلند ترین شرح پر پہنچی اوردیگر ممالک سمیت جاپان کی کمپنی نے پاکستان کو انوسٹمنٹ کے لئے دنیا کا دوسرا بہترین ملک قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور لوڈ شیڈنگ میں 34فیصد کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کے جنرل وارڈ میں ایئر کنڈیشنڈ لگائے گئے ہیں جو ترقی کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ترقی کے لحاظ سے پاکستان کاماڈل شہر بن چکا ہے اور ترقی کا یہ سفر پاکستان کے دیگر شہروں کی طرف جاری ہے جبکہ بیرونی ایجنٹ اس ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے بلا مقصد واویلا کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر کوآپریٹیو ملک اقبال چنڑ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات منانے کا مقصد قوم کو یکجا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اتحاد ویکجہتی میں مضمر ہے۔انہوں نے مسلم لیگی ورکروں ،ایم ایس ایف اور یوتھ ونگ کے نوجوانوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے عملی میدان میں کردار نبھانے کی تلقین کی۔ کنونشن سے ایم پی ایز خالد وارن، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز، عقیل نجم ہاشمی، حماد میرانی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سیاسی عہدیدار زاہد جوئیہ نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض بلال بلوچ نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں