بہاولپور میں 4 ماہ سے لاپتہ لڑکی کے کیس کا ڈراپ سین

لڑکی منظر عام پر آگئی، دوست نے شادی سے انکار کیا تو لڑکی رکشہ ڈرائیور سے شادی کر کے غائب ہو گئی

muhammad ali محمد علی پیر 18 اکتوبر 2021 20:34

بہاولپور میں 4 ماہ سے لاپتہ لڑکی کے کیس کا ڈراپ سین
بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2021ء) بہاولپور میں 4 ماہ سے لاپتہ لڑکی کے کیس کا ڈراپ سین، لڑکی منظر عام پر آگئی، دوست نے شادی سے انکار کیا تو لڑکی رکشہ ڈرائیور سے شادی کر کے غائب ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں کئی ماہ سے لاپتہ لڑکی کا کیس اس وقت ایک نیا رخ اختیار کر گیا جب معلوم ہوا کہ لڑکی کا اغوا نہیں ہوا بلکہ وہ اپنی پسند سے شادی کر چکی۔

بتایا گیا ہے کہ 4 ماہ قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کو پولیس نے بازیاب کروایا تو پھر لڑکی کی جانب سے دیے گئے بیان نے سب کو حیران کر دیا۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں لڑکی نے بتایا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنی مرضی سے گھر سے گئی تھی اور پھر اسی دوران اس نے شادی کر لی۔ لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنے ایک دوست سے شادی کرنے کیلئے گھر سے نکلی لیکن پھر اس دوست نے شادی کرنے سے ہی انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

لڑکی نے بتایا کہ جب دوست نے شادی سے انکار کر دیا تو پھر ایک رکشہ ڈرائیور نے شادی کی پیش کش کی جو اس نے قبول کر لی اور پھر دونوں کا نکاح ہو گیا۔ مذکورہ لڑکی کی جانب سے پولیس کے بعد عدالت میں بھی بیان دیا گیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی، لہذا وہ اب والدین کی بجائے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ اس تمام صورتحال میں لڑکی کے والدین نے بھی اپنی بیٹی کو شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد عدالت نے لڑکی کو شوہر کیساتھ جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ سنا دیا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں