مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی علی حسن گیلانی میٹرک فیل نکلے

جمعرات 4 دسمبر 2014 12:05

مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی علی حسن گیلانی میٹرک فیل نکلے

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر 2014ء) مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی میٹرک فیل نکلے جس کی بہاولپور ایجوکیشن بورڈ نے تصدیق کر دی، بی اے کی ڈگری بھی مشکوک ہوگئی جس پر لاہورہائیکورٹ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے وضاحت طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے علی حسن گیلانی کے سوتیلے بھائی اور 2002ء کے الیکشن میں ان کے مدمقابل امیدوار سہیل حسن گیلانی نے لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ میں علی حسن گیلانی کی بی اے کی ڈگری کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی نے 1991ء کے سالانہ امتحان میں بہاول پور ایجوکیشن بورڈ سے رول نمبر8081 کے تحت میٹرک کا امتحان دیا جس میں مخدوم سید علی حسن گیلانی چار مضامین کیمسٹری، فزکس، اردو اور ریاضی میں فیل ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کو ریکارڈ پیش کرنے کے لیے ہدایات جاری کردیں۔ بہاولپور بورڈ کی طرف سے پیش کئے گئے ریکارڈ میں علی حسن گیلانی کے میٹرک فیل ہونے کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ علی حسن گیلانی بہاول پور بورڈ کے ریکارڈ کے مطابق میٹرک فیل ہیں۔ اس کے بعد وہ کسی بھی امتحان میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی ہم سے کوئی NOC حاصل کیا ہے۔ ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود ملک نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وکیل ناصر خان جوئیہ سے علی حسن گیلانی کی بی اے کی ڈگری کے بارے وضاحت طلب کرکے 18دسمبر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں