پنجاب میں اپناروزگار سکیم کا سب سے پہلے آغاز بہاول پور سے کیا جائے گا،پہلی قرعہ اندازی 21دسمبر کو ہو گی ،

26جنوری کو پہلی گاڑی میرٹ پر آنے والے اہل امیدوار کو فراہم کر دی جائے گی،سکیم کے تحت بہاول پور ڈویژن میں 7ہزار500گاڑیاں بذریعہ قرعہ اندازی اہل امیدواروں میں تقسیم کی جائیں گی، صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ

ہفتہ 13 دسمبر 2014 19:06

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) پنجاب میں اپناروزگار سکیم کا سب سے پہلے آغاز بہاول پور سے کیا جائے گا جس کے لئے پہلی قرعہ اندازی 21دسمبر کو ہو گی اور26جنوری کو پہلی گاڑی میرٹ پر آنے والے اہل امیدوار کو فراہم کر دی جائے گی۔اپنا روزگار سکیم کے تحت بہاول پور ڈویژن میں 7ہزار500گاڑیاں بذریعہ قرعہ اندازی اہل امیدواروں میں تقسیم کی جائیں گی۔

یہ بات سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں اپنا روزگار سکیم کے سلسلہ میں منعقدہ ایک بریفنگ میں بتائی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزیر امداد اباہمی ملک محمد اقبال چنڑ، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر)جاوید اکبر اور ریجنل پولیس آفیسر رائے محمدطاہر، ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ، ڈی پی او بہاول پور سرفراز احمد فلکی، صدر چیمبر آف کامرس سیٹھ ارشد ، نمائندہ انجمن تاجران عبد العلیم اورتینوں اضلاع کے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، پنجاب بینک کے پراڈکٹ منیجر انور رامے، لون آفیسر محمد قاسم کھیڑا شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر اقبال چنڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنا روزگار سکیم خادم پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے بے روزگار نوجوانوں کے لئے بہترین تحفہ ہے جو انہیں ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے اور روزگار کمانے میں معاون ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے نوجوانوں کو اپنا روزگار سکیم کے تحت بلاامتیاز اور بلاتفریق میرٹ کی بنیاد پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن(ر)جاوید اکبر نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر ون ونڈو آپریشن کیاجائے گا تاکہ عوام کو تصدیقی عمل کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ریجنل پولیس آفیسر رائے محمدطاہر نے بتایا کہ اپنا روزگار سکیم کے اہل نوجوانوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ڈرائیونگ کی عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ 19اکتوبر سے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 8ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں پہلی قرعہ اندازی کا آغاز بہاول پور سے کیا جائے گا اور قرعہ اندازی 21دسمبر کو ہو گی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرعہ اندازی کا عمل نہایت صاف و شفاف انداز میں تکمیل پائے گا اور قرعہ اندازی کا عمل لائیوٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپناروزگار سکیم کے اہل امیدوار نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی خاطر گاڑیوں کی قیمت مارکیٹ ریٹ سے 40ہزار روپے کم پر مہیا کی جائیں گی اورپہلے کی طرح اس دفعہ بھی حکومت پنجاب تمام گاڑیوں کا مارک اپ خود ادا کرے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ امیدواروں کو گاڑیوں کی اصل قیمت اقساط میں ادا کرنا ہو گی۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گاڑیوں کی تقسیم تحصیلوں میں آبادی کے لحاظ سے کی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کو اپنے مختص کوٹہ کے علاوہ 10فیصد زائد کوٹہ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں