ملک وقوم کودرپیش بحرانوں سے نمٹنے کیلئے قومی رہنماؤں کااتفاق خوش آئند ہے،ڈاکٹر سید وسیم اختر،

سانحہ پشاور نے پوری قوم کو اکٹھاکردیا،وقت آگیا ہے دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارہ حاصل کرتے ہوئے مستقبل کومحفوظ بنایاجائے،امیر جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 3 جنوری 2015 21:19

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اختر نے کہاہے کہ ملک وقوم کودرپیش بحرانوں سے نمٹنے کے لئے قومی رہنماؤں کااتفاق خوش آئند ہے۔سانحہ پشاور نے پوری قوم کو اکٹھاکردیاہے۔اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارہ حاصل کرتے ہوئے مستقبل کومحفوظ بنایاجائے۔

سیاسی وعسکری قیادت ایسے فیصلے کرے جن سے پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنایاجاسکتا ہو۔انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں وطن عزیزکی بقاء کے خلاف سرگرم ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی اتحادویکجہتی سے دشمن کی تمام کوششوں کوخاک میں ملادیاجائے۔ وہ گذشتہ روزملتان روڈ پرسپیرئرپارٹس کی دکان کے افتتاح کے موقع پر تاجران سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان سے انخلاء سے پہلے پاکستان کے حالات خراب کرناچاہتا ہے۔

(جاری ہے)

سی آئی اے،راء اور موساد ملک کے اندر دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان در حقیقت مسائلستان بن چکا ہے۔خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کو ازسرنوتشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ملک کے اندر خانہ جنگی کی کیفیت ہے۔پاکستانی قوم مسائل سے نجات کے لئے پوری طرح متحد اور اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کو نشانہ بنانے کی بھر پور مذمت کر تی ہے۔

سیاسی وعسکری قیادت اس بات کو یقینی بنائے کہ آئینی ترمیم کوذاتی مفادات کے لئے استعمال نہیں ہونے دیاجائے گا۔دہشت گردی سے مکمل طور پر چھٹکارہ پانے کے لئے انٹیلی جنس سسٹم کو بہتربناناہوگا۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ پوری قوم حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔سیاسی اتفاق رائے کو ضائع نہ کیاجائے۔اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں۔سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔

آپس کے سیاسی اختلافات کودفن کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کی سا لمیت،استحکام اور قومی یکجہتی کاتحفظ حکومت کی ذمہ داریوں میں سرفہرست ہوناچاہئے۔مسلمان مصیبت میں گھبراتا نہیں اس لئے بحیثیت مسلمان ہمارے عزائم ہرقسم کے حالات کامقابلہ کرنے کے لئے مستحکم ہیں۔اس موقع پر حاجی عبدالستار،سیدکاشف اعجاز،اقبال بیبرس ودیگربھی موجود تھے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں