نجی ٹی وی کے بیوروچیف محمد سلیم چوہدری کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،محمد امین عباسی،

اصولی طور پرپولیس کو غیر متنازعہ رہ کر کاروائی کرنی چاہیے ،نائب صدر پی ایف یو جے

جمعہ 9 جنوری 2015 21:02

بہاول پور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر بیوروچیف محمد امین عباسی ‘ سینئر صحافی ایم ظفر خان فضل حمید حمد اور بہاول پور جرنلسٹس فورم کے صدر محمد اکرم ناصر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نجی ٹی وی کے بیوروچیف محمد سلیم چوہدری کے ساتھ مبینہ طور پر غیر انسانی سلوک افسوسناک اور قابل مذمت ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ اصولی طور پرپولیس کو غیر متنازعہ رہ کر کارروائی کرنی چاہیے ۔

موجودہ صورت حال سے پتہ چلتا ہے کہ بظاہر مقامی پولیس پارٹی بن گئی ہے ۔ مقدمہ درج کرنے سے پہلے تفتیش کیے بغیر سلیم چودھری کو حراست میں لیا گیا اور کئی دنوں تک غیر قانونی حراست میں رکھنے کے بعد گرفتاری ظاہر کی گئی ۔ محمد امین عباسی ‘ ایم ظفر خان ‘ فضل حمید احمد اور محمد اکرم ناصر نے کہا ہے کہ ایسا سلوک تو قاتل کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس پریس کلب کے معاملات میں غیر جانبدار رہے اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی سے پریس کلب متنازعہ بنا ہوا ہے سینئر صحافی پریس کلب کے معاملات سے الگ ہیں تاہم کسی صحافی کے ساتھ ظلم و تشدد اور یک طرفہ کاروائی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ PFUJکے نائب صدر محمد امین عباسی نے کہا کہ اگر یہ افسوسناک سلسلہ جاری رہا تو ملک بھر کے صحافیوں کو احتجاج کے لیے کال دی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ رائل ٹی وی کے بیوروچیف کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی اور نا انصافی کانوٹس لیا جائے اور فوری طور پر اعلیٰ سطحی کمیٹی سے تحقیقات کرائی جائے اور ایس پی شبیر سیٹھار کو فوری طور پر معطل کیا جائے تاکہ پولیس تحقیقات پر اثر انداز نہ ہوسکے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ملک کے نامور صحافی زاہد علی خان کے خلاف ہونے والی پولیس کاروائی کو بھی فوری طور پر ختم کیا جائے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں