حکومت کثیر الجہت منصوبہ بندی کے تحت ڈراپ آؤٹ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،انجینئر بلیغ الرحمن،

این سی ایچ ڈی کے اشتراک سے 100 مسجد مکتب سکول کا پائلٹ پراجیکٹ کا عنقریب آغاز ہو گا،تعینات مدرس کو بارہ ہزار روپے ماہانہ مشاہرہ دیا جائے گا،وزیر مملکت

پیر 19 جنوری 2015 19:25

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء)وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کثیر الجہت منصوبہ بندی کے تحت ڈراپ آؤٹ کم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور این سی ایچ ڈی کے اشتراک سے 100 مسجد مکتب سکول کے پائلٹ پراجیکٹ کا عنقریب آغاز کیا جارہا ہے جس میں تعینات مدرس کو بارہ ہزار روپے ماہانہ مشاہرہ دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بہاولپور میں بیسک ایجوکیشن فاؤنڈیشن کمیونٹی سکولز کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے بیکس کی زیر نگرانی شہر کے چار سکولوں میں سکیورٹی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے سکولوں میں زیر تعلیم بچوں سے سوالات کیے اور ان کو فراہم کی جانے والی کوالٹی آف ایجوکیشن کا اندازہ لگایا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی سکولز بنیادی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ان سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون اور نام کے ساتھ ایک لاکھ روپے کی گرانٹ سے ایک سکول بنانے کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بیکس محمد علی خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیکس کے تعاون سے بہاول پور ڈویژن میں پانچ سو سے زائد کمیونٹی سکولز میں بائیس ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔ اس سکیم کے تحت چولستانی علاقے میں بھی سکول قائم کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر مقامی این جی اوز کے نمائندہ جاوید چوہدری، طارق مجید چوہدری ، امتیاز لاشاری ، جمشید کریم خان سمیت شاہد عبداللہ، آصف حمید اور شازیہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں