اسلام امن و آشتی ،صبر برداشت اور تحمل کا درس دیتا ہے،محمد اقبال چنٹر،

ضرورت اس امر کی ہے کہ آپس میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارہ کا مظاہرہ کیاجائے تاکہ خطہ میں پائیدار امن و استحکام قائم ہو سکے،صوبائی وزیر امداد باہمی کا سیمینار سے خطا ب

ہفتہ 28 فروری 2015 20:39

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28فروری۔2015ء)صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی ،صبر برداشت اور تحمل کا درس دیتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ آپس میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارہ کا مظاہرہ کیاجائے تاکہ خطہ میں پائیدار امن و استحکام قائم ہو سکے۔وہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور بہاولپور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام”امن کیلئے برداشت ضروری ہے“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ ،ملک حبیب الله بھٹہ،تابش الوری،ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن چوہدری امجد بشیر،اسسٹنٹ کمشنر سٹی راؤ تسلیم اختر،فاروق احمد خان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر امداد باہمی نے کہا کہ معاشرہ میں پیار،محبت اور برداشت کا مظاہرہ ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے سب کو ایک جھنڈا تلے آنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے قیام پاکستان کے وقت جیسا جوش و جذبہ چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے مگر ہمیں چاہیے کہ ہم آپس میں اتحاد و اتفاق سے رہ کر ان کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملائیں۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج،سیاسی ادارے اور دیگر تمام طبقہ متحد ہو کر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بر سر پیکار ہیں۔

کالم نگار اور دانشور ملک جبیب الله بھٹہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ معاشرہ میں ظلم کو ختم کر کے اور عدل کو پروان چڑھا کر پائیدار امن قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر شخص حق سچ کی بات کر ے اور اپنے رویوں میں برداشت اور تحمل کامادہ پیدا کرے۔معروف شاعر و ادیب اور سابق پارلیمنٹرین سید تابش الوری نے کہا کہ ہم سب ایک الله،ایک رسولﷺ اور ایک قرآن مجید کو ماننے والے ہیں لیکن فرقہ واریت اور عصبیت میں جکڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج بہادری اور جذبہ حب الوطنی سے خارجی اور داخلی دشمنوں کو للکار رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ ہمت ،برداشت،تحمل اور نئے جذبہ سے ملک کی بقا کیلئے کام کرنا چاہیے۔ممتاز فزیشن ڈاکٹر منیر اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن کے قیام کیلئے برداشت کی فضا قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اپنی زندگی میں برداشت،تحمل اور عفو و درگزر کو اپنانا ہوگا۔

حافظ عبدالسلام نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ اسلام امن،برداشت اور رواداری کی روایات سے بھری ہوئی ہے اور آنحضورﷺ نے فتح کے موقع پر معافی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور سے ہر ایک کی آنکھ اشکبار ہے ۔ سیمینار سے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض الحق بھٹی اور عائشہ اکبر نے بھی امن کیلئے برداشت ضرور ی ہے کہ موضوع پر گفتگو کی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں