پنجاب صاف پانی کمپنی کے تحت صوبہ بھر کے دیہی علاقہ جات کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے گا ، منصوبہ کا آغاز بہاولپور ڈویژن سے کیا جارہا ہے ، منصوبے پر ساڑھے پانچ ارب روپے لاگت آئے گی،وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن کا پنجاب صاف پانی کمپنی بارے بریفنگ سے خطاب

ہفتہ 7 مارچ 2015 19:47

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب صاف پانی کمپنی کے تحت صوبہ بھر کے دیہی علاقہ جات کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے گا اور اس اہم منصوبہ کا آغاز بہاولپور ڈویژن سے کیا جارہا ہے۔جس پر ساڑھے پانچ ارب روپے لاگت آئے گی۔وہ ہفتہ کو یہاں کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں پنجاب صاف پانی کمپنی کی کارکردگی کے حوالہ سے دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن ثاقب ظفر،صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنٹر،اراکین اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی،خالد وارن،قاضی عدنان فرید،افضل گل،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عمرانہ اجمل،ضلع بھر سے اسسٹنٹ کمشنرز،مسلم لیگی کارکن میاں شاہد اقبال، بلال بلوچ،پراجیکٹ ڈائریکٹر منعم خان موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کے تینوں اضلاع بشمول ضلع لودھراں کو اس منصوبہ کے تحت دیہی علاقہ کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کیاجائے گا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار میں اضافہ کیاجائے اور پنجاب صاف پانی کمپنی کے تحت شروع کیے جانے والے پراجیکٹ میں اراکین اسمبلی کا بھی تعاون حاصل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ استعفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کیلئے جلد اراضی حاصل کی جائے اور تمام امور مقررہ معیاد میں مکمل کیے جائیں۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن ثاقب ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اہم منصوبہ صاف پانی پراجیکٹ کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام جلد مکمل کئے جائیں تاکہ لوگوں کو صاف پانی مہیاہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ تمام تحصیلوں کا صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے درست ریکارڈ مرتب کیا جائے اور واٹر فلٹر یشن پلانٹ کی تنصیب کیلئے موزوں اراضی کے انتخاب کیلئے اراکین اسمبلی سے مشاورت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ خطیر رقم سے صاف پانی پراجیکٹ کا آغاز بہاولپور سے ہو رہاہے۔ جس ہم سب نے مل کر کامیاب بناناہے۔جنرل منیجر پراجیکٹ اینڈ سروسز پنجاب صاف پانی کمپنی محمد علی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے فیز میں بہاولپور ڈویژن کی تین تحصیلوں منچن آباد،حاصل پوراور خان پور کے علاوہ تحصیل لودھراں شامل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ تحصیل سطح پر اس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد6سے8ماہ تک آپریشنل کروایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبہ کا دوسرافیز اس سال ماہ مئی میں شروع ہو جائے گا۔جنرل منیجر نے بتایا کہ پہلے فیز میں ان چار تحصیلوں میں 68مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ جس میں سے 44ریووس آسموس ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 41 واٹرفلٹریشن ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کے حوالہ سے کسی قسم کی شکایت کے ازالہ کیلئے صاف پانی سہولت سینٹر بھر قائم کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں