بہاولپور شہر کی خوبصورتی میں ا ضافہ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،صوبائی وزیر ملک اقبال چنڑ

جمعرات 30 اپریل 2015 21:03

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) بہاولپور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔جبکہ شہر کی خوبصورتی میں ا ضافہ کے لئے بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔۔آج کیمل کارٹ چلائے جانے کامقصد شہریوں کو روایتی ذریعہ سے سیروتفریح کے مواقع فراہم کر نا ہے جس کے لیے بہاولپور کی ضلعی حکومت اور اس کی پارٹنر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان مبارک کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیرامداد باہمی پنجاب ملک محمد اقبال چنڑ نے گزشتہ شام فرید گیٹ کے باہر کیمل کارٹ کا ا فتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو علاقے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور احیاء سے بہت دلچسپی ہے اس سلسلے میں دیگراقدامات کے علاوہ جھوک سرائیکی میں خواجہ فرید کمپلیکس بھی تعمیر کیاجائے گا جس میں معیاری لائبریری بھی بنائی جائے گی تاکہ محققین کو خواجہ غلام فریدؒ کے بارے میں معلومات ایک ہی چھت تلے میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر معروف دانش ور ملک حبیب اﷲ بھٹہ، محترمہ صبیحہ نذیر ایم این اے ،محترمہ فوزیہ ایوب قریشی ایم پی اے، محترمہ عمرانہ اجمل اے ڈی سی جی بہاولپور، سماجی کارکن رضیہ ملک اور اے سی سٹی راؤ تسلیم اختر نے بھی اپنے الگ الگ خطاب میں کیمل کارٹ چلائے جانے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے نہ صرف اہل بہاولپور بلکہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو دلچسب سفر کا موقعہ ملے گا اور شہر کی سماجی زندگی میں ایک نیا رنگ نظر آئے گا۔

خاص طور پر خواتین اور بچے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ ا نہوں نے ضلعی حکومت اور چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی ۔قبل ازیں چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فاروق احمد خان نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر بہاولپور ثاقب ظفر اور ڈسٹرکٹ کوارڈنیس آفیسر عمران سکندر بلوچ کی بہاولپور کی ترقی کے لئے کوششیں قابل ستائش ہیں اور چولستان ڈیلمپنٹ کونسل ترقی کے اس سفرمیں گورنمٹ کے ہمقدم ہے انھوں نے مزید کہاکہ کیمل کارٹ کے سفر سے جہاں روایتی سفر سے لطف اندوز ہو نے کامو قع ملے گا وہاں شہر میں رنگوں سے مزین کیمل کارٹ کی وجہ سے خوبصورتی بھی بڑھے گی ۔

اس کے ساتھ ساتھ کیمل کارٹ معاشرتی امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اس میں شہری بلا کسی امتیاز کے سفر کر سکیں گے اس کے علاوہ شہر میں سیاحتی سر گرمیوں میں اضافہ ہونے سے معاشی سر گرمیاں بھی بڑھیں گی اور یقناً مثبت سرگرمیوں کے انعقاد سے سوچ بھی مثبت ہوتی ہے اور نوجوان نسل خاص طور پر امن اور خلوص و محبت کے رویےّ اختیار کرتے ہیںُ۔

یاد رہے کہ کیمل کارٹ کی سواری روزانہ شام سات بجے سے رات دس بجے تک فرید گیٹ سے دستیاب ہو گی جو ابتدائی طور پر فرید گیٹ سے چوک فوارہ تک چلے گی بعد ازاں فرید گیٹ سے لائبریری چوک ،بہاول کلب سے فرید گیٹ تک چلائی جائے گی ۔پہلے دو دنوں میں مفت سیر کرائی جائے گی جبکہ آئندہ دس روپے فی کس کرایہ وصول کیا جائے گا۔کیمل کارٹ کا اجراء ضلعی حکومت بہاولپور اور چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی مشترکہ کاوش ہے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں