وزیراعظم کی 2018 تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی،سولر منصوبہ کے ورکرز کیلئے 2کروڑ انعام کااعلان

منگل 5 مئی 2015 13:49

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ روشنیاں واپس لانے کے لئے اہم ترین مسائل پر ہاتھ ڈالا‘ 2018ء سے پہلے پاکستان کے بنیادی مسائل ختم کردیں گے‘ دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہی ہے‘ تاریخ میں پہلی بار 46 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہورہی ہے‘ بہاولپور کی بنجر زمین پر دنیا کا سب سے بڑا شمسی منصوبہ لگے گا‘ دہشت گردی کے خاتمے میں فوج شاباش کی مستحق ہے‘ ملک کے اندر اور باہر امن کے خواہاں ہیں‘ افغانستان سے خوشگوار تعلقات قائم کرکے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ‘ کراچی سے بھتہ خوری ‘ ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ہوچکا بہت جلد پھر سے روشنیوں کا شہر بنا دیں گے‘ حکومت میں آکر بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے سے زائد کی ریکارڈ کمی کی ‘ عوام کو بجلی نہیں سستی بجلی دینا چاہتے ہیں‘ قائد اعظم سولر پارک منصوبے سے 800افراد کو روزگار ملا‘ منصوبے پر کام کرنے والوں کیلئے 2کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں قائد اعظم سولر پارک شمسی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نیمنصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے اندر مٹانا ہی ہماری واحد ترجیح ہے‘ روشنیاں واپس لانے کے لئے اہم ترین مسائل پر ہاتھ ڈالا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت نے اہم اقدامات کئے۔

روشنیوں کی بحالی اور غربت کو دور کرنا ہماری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017-18 تک ملک سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہی ہے۔ چینی کمپنی سے دو ارب کی رعایت لینا شہباز شریف کا ہی کمال ہے‘ تاریخ میں پہلی بار 46 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہورہی ہے تنقید کے ساتھ ساتھ اچھے اقدامات کی تعریف بھی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے کہاں ہیں وہ اس بات پر بھی تنقید کریں کہ دو ارب بچا کر قومی خزانے میں کیوں جمع کرائے یا منصوبے بروقت کیوں مکمل کئے جارہے ہیں یا ملک میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کیسے ہورہی ہے۔ پہلے تو کوئی اس بات پر یقین ہی نہیں کرتا تھا کہ ملک میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے چینی صدر کے دورہ اور خود معاہدوں پر دستخط کے بعد لوگوں کو یقین ہوا کہ واقعی سرمایہ کاری آرہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ حکومت عملی کام کرکے دکھا رہی ہے چین کے ساتھ منصوبوں کی تیز تر تکمیل کیلئے کمیٹی بنائیں گے تمام منصوبوں کی میں خود نگرانی کرونگا اور اپنے اسی دور حکومت میں ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤنگا۔ منصوبوں کی سالہاسال میں تکمیل کی روایت ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال قبل جب میں اس جگہ پر سنگ بنیاد رکھنے کے لئے آیا تو ہر طرف صرف ریت کے ٹیلے تھے آج بہاولپور کا صحرا شمسی پینلز کا سمندر نظر آرہا ہے۔

شمسی پارک سے سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے بہاولپور کی بنجر زمین پر دنیا کا سب سے بڑا شمسی منصوبہ لگے گا اس منصوبے سے مجموعی طور پر ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی منصوبے سرمایہ کاروں کے لئے ایک مثبت پیغام ہیں ملک بھر میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چین کے ساتھ مل کر ان منصوبوں کو مکمل کریں گے۔

وزیراعظم نے بجلی حاصل کرنے کے متبادل ذرائع کا بتاتے ہوئے کہا کہ ایل این جی سے 3600میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگیں گے جبکہ تھر سے کوئلے سے 2000میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں فوج شاباش کی مستحق ہے‘ شمالی وزیرستان میں آپریشن اور پھر نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا جو سلسلہ ہوا اس نے دہشت گردانہ کارروائیوں کو بریک لگا دی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں