مسلم لیگ (ن) کی حکومت بہاولپور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،حضرت خواجہ غلام فرید کی خوبصورت سوچ کے مالک شہر بہاولپور کی نمائندگی کرنے والا جریدہ ’’حقیقت‘‘ آج ایک نئے عہد میں داخل ہو رہا ہے

وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان کا ’’حقیقت‘‘ میگزین کے 26ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب

پیر 1 جون 2015 17:27

بہاولپور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) ) وزیر مملکت برائے تعلیم و امورِ داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حضرت خواجہ غلام فرید کی خوبصورت سوچ کے مالک شہر بہاولپور کی تہذیب، ثقافت، سیاست، معاشرت، علم اور ادب کی بھرپور نمائندگی کرنے والا جریدہ ’’حقیقت‘‘ آج ایک نئے عہد میں داخل ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ’’حقیقت‘‘ ایک ایسا مکمل جریدہ ہے جو ہماری زندگی کے ہر ایک شعبے کی عکاسی اور نمائندگی کرتا ہے، میری یہ خواہش ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی یہ رسالہ ترقی کرے اور نہ صرف ہمارے شہر بلکہ ملک کی بھرپور نمائندگی کا حق نبھاتا رہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ مملکت برائے تعلیم و اُمورِ داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے چولستان ڈیویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کی جانب سے ’’حقیقت‘‘ میگزین کے 26ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ سید تابش الوری کو ان کی صحافتی اور شعری خدمات پر صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا جانا اہلِ بہاولپور کی ذہانت اور کمال کا اعتراف ہے اور یہ سلسلہ انشاء اﷲ آئندہ بھی جاری رہے گا اور بہت جلد دوسری بڑی شخصیات کو بھی اس اعزاز سے نوازا جائے گا، اس سلسلے میں بہاولپور کی آواز مقتدر حلقوں تک پہنچائی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور کی سابقہ محرومیوں کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم لیگ نواز کی موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بہاولپور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں،تین ارب روپے سے تعمیر ہونے والا سول ہسپتال، کرافٹ بازار، ماڈل بازار، قائداعظم سولر پارک، دو رویہ سڑکوں کا جال، اور عوامی فلاح و بہبود کے دوسرے منصوبے اس کا ثبوت ہیں۔

میرے قائد میاں نواز شریف اور خادمِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بہاولپور اور اس کے عوام سے بہت محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر فاروق احمد خان کو بھی مبارکباد دی، جنھوں نے اپنے ادارے کے پلیٹ فارم سے ’’حقیقت‘‘ کے یومِ تاسیس کو انتہائی شاندار انداز میں منانے کیلئے خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مدیر اعلیٰ امجد قریشی اور مدیر سعید احمد کو مبارکباد پیش کی، جن کی کاوشوں سے ’’حقیقت‘‘ مسلسل اشاعت کا ریکارڈ قائم کئے ہوئے ہے۔قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائیریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل فاروق احمد خان نے تقریب میں شامل معزز مہمانوں کو خطبہء استقبالیہ پیش کیا اور ’’حقیقت‘‘ کی انتظامیہ کو نیا سنگِ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں شعبہ صحافت نے نا مساعد حا لات کے با وجود ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور مقامی صحافی علاقے کے مسائل اجاگر کر کے ان کے حل میں مدد کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں انہوں نے کہا کے اہل صحافت نے آئندہ بھی اہل سیاست کے ساتھ مل کر بہاولپور کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح و بہبود کی خاطر جدو جہد کرنی ہے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل ان مشترکہ کوششوں کی بھر پور حمایت اور معاونت جاری رکھے گی۔

اظہار ِ خیال کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر نجیب جمال، پروفیسر ڈاکٹر مزمل بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر منیر اظہر چوہدری، پروفیسر مشہود حسن رضوی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، نصیر احمد ناصر اور پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد آتش شامل تھے، جبکہ مہمانانِ اعزاز سیّد تابش الوری، بابائے صحافت امجد قریشی اور ملک حبیب اﷲ بھٹہ نے بھی ’’حقیقت‘‘ کے مدیر سعید احمداور چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر فاروق احمد خان کی یومِ تاسیس کے انعقاد کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

سید تابش الوری نے بہاولپور کے اخبارات و جرائد کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کی صحافت کی تاریخی اہمیت ہے، اسلئے اسے ترجیحی بنیادوں پر وفاقی اور صوبائی حکومتی اشتہارات جاری کئے جائیں۔ علاقے کے قلم کاروں، صحافیوں اور شاعروں کو ایوارڈ دئیے جائیں۔ ملکی اور غیرملکی دوروں میں شامل کیا جائے۔ بہاولپور میں پی ٹی وی، پی آئی ڈی، ادبیات، مقتدرہ اور فاؤنڈیشن کے مراکز قائم کئے جائیں۔

چولستان ڈویلپمنٹ کونسل نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ’’حقیقت‘‘ کے مدیر و انتظامیہ کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر شیلڈز، اجرکیں اور گلدستے پیش کئے۔ ’’حقیقت‘‘ میگزین کی طرف سے بانی عبدالحمید شہباز مرحوم کے بڑے صاحبزادے حافظ شمس الحق انور، جناب امجد قریشی، جناب سید تابش الوری، زوہیب نصیر احمد بھٹی، سید حافظ طلال احمد اور محمد صادق ملک کو ان کی بے مثال خدمات پر ایوارڈ دئیے گئے۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ رضیہ ملک اور سعید احمد سلطان نے ادا کئے۔ تقریب میں تلاوت کلام پاک سید حافظ یونیب احمد اور نعت رسول مقبول ﷺ شازیہ انصر نے پیش کی۔ نوجوان گلوکار محمد فاروق نے کلام فرید اور کلام ’’حقیقت‘‘ سنایا۔ اس تقریب میں تمام شعبہء ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔معزز مہمانانِ گرامی نے صدرِ تقریب انجینئر بلیغ الرحمان کے ساتھ مل کر 26ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں