بہاول پور،عالمی یوم آبادی 11جولائی کو پوری دنیا کے ساتھ پاکستان میں بھی منایا جائے گا

محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب کا دن منانے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام

منگل 30 جون 2015 21:40

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) عالمی یوم آبادی ہر سال کی طرح 11جولائی کو پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی منایا جا رہا ہے۔ محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب اس دن کو منانے کے لئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کر رہا ہے جن کا مقصد تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان کے اثرات سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔

اس حوالہ سے ڈویژن کی سطح پر اردو مضمون نویسی اور پوسٹر بنانے کے مقابلے ہوں گے جس کا عنوان” ہنگامی حالات میں غیر محفوظ آبادی“ ہے۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سید ذیشان عارف نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ مقابلے میں حصہ لینے کے لئے ضروری ہے کہ لڑکے اور لڑکیوں کی عمر 16سے 21سال کے درمیان ہو اور ان کی تعلیمی قابلیت کم از کم میٹرک یا مساوی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مضمون نویسی کے لئے شرکاء کو ایک گھنٹے کا وقت دیا جائے گا اور پوسٹر بنانے کا دورانیہ دو گھنٹے پر مشتمل ہو گا۔مضمون نویسی شرکاء کو کاغذ انتظامیہ مہیا کرے گی جبکہ پوسٹر بنانے کے لئے چارٹ اور کلر وغیرہ کا شرکاء خود انتظام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مضمون نویسی اور پوسٹر ڈیزائننگ کے مقابلے میں اول اور دوئم پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کو بالترتیب 3000/-روپے اور 2000/-روپے نقد انعام دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 11جولائی ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر رشیدیہ آڈیٹوریم میں سیمینار منعقد ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مقابلے 6جولائی کو 10بجے دن گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج کامرس بلاک میں ہوں گے۔ شرکاء کی رجسٹریشن صبح 9سے 10بجے تک ہو گی۔ڈویژن کی سطح پر اول پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء بعد ازاں صوبائی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلے میں حصہ لیں گے۔ صوبائی سطح پر مضمون نویسی اور پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اول انعام 15000/-روپے اور دوئم انعام 10000/-روپے اور سوئم انعام 5000/-روپے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات کے لئے ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی بہاول پور سے اور ٹیلی فون نمبر 062-9255150پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔`

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں