افراد کی ذہنی ، جسمانی ، نظریاتی اور اخلاقی تربیت کے لئے تعلیم انتہائی اہم ذریعہ ہے، نگران وزیر اعظم محمد میاں سومر و

ہفتہ 5 جنوری 2008 20:54

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2008ء) نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ افراد کی ذہنی ، جسمانی ، نظریاتی اور اخلاقی تربیت کے لئے تعلیم انتہائی اہم ذریعہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر بلال اے خان اور گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول کی جدوجہد اور کوششوں کو بے حد سراہا جن کی بدولت اس یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات جدید ترین سہولتوں سے فیضیاب ہورہے ہیں اور اسلامیہ یونیورسٹی اس وقت معیار کے اعتبار سے ملک کی کسی یونیورسٹی سے کم نہیں ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور ہمیں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بہت سے منصوبوں پر عمل کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت ایسے ذہین اور پیشہ ورانہ افراد کی ضرورت ہے ۔ جو جدید دنیاکے سماجی اور اقتصادی تقاضوں کو سمجھ سکیں ۔ اور یونیورسٹیاں ہی ایسے افراد تیار کرتی ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار اد ا کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج عالمی امن کا قیام ہے ۔ یونیورسٹیوں میں ایسا کلچر پیدا کیا جائے جو معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کی فضا قائم کرنے میں مددگار ہو۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ قیام امن کے سلسلہ میں اپنا کردار اد اکریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اعلی تعلیم کے فروغ کی موجودہ حکومتی پالیسی کی وجہ سے ملک کی یونیورسٹیاں ترقی کی راہ پر گامزن ہیں ۔

انہو ں نے یونیورسٹی اساتذہ پر زور دیا کہ تحقیق کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور یونیورسٹی کے زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل کے لئے 2کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا۔اور ثقافتی پروگرام پیش کرنے والے طلبا کو 2لاکھ کے انعامات سے بھی نوازا۔

قبل ازیں گورنر پنجاب و چانسلر لیفٹیٹنٹ جنرل(ر) خالد مقبول نے یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر بلال اے خان کی سربراہی میں پاکستان کی چند بہترین یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے ۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء و طالبات کی اس کاوش کی بھی تعریف کی کہ موجودہ ملکی صورت حال میں صرف اپنی تعلیم پر توجہ دی۔

انہو ں نے سابقہ ریاست بہاولپور کے حکمرانوں کی تعلیم اور تعمیراتی شعبہ میں خدمات میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈھانچہ میں فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ اور شعبہ سرائیکی میں قائم ہونے والی بہاولپور آرٹ گیلری اس علاقہ کے بیش قیمت ثقافتی اور تہذیبی سرمایہ کو محفوظ کرنے میں اپنا بھرپور عملی قردار ادا کرے گی انہو ں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو اس یونیورسٹی کو مزید فنڈ فراہم کرنے کے لئے بھرپور سفارش کی تاکہ اس ادارے کی وہ کوشیں کامیاب ہوسکے جن کی بدولت اس پسماندہ علاقے میں اعلی تعلیم ادارروں کو فروغ مل رہا ہے ۔

انہوں نے صدر پرویز مشرف کی حکومت کی تعلیم کے سلسلہ میں موجودہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اس سے پاکستان کے ذہین بچوں اور مستقبل کے معماروں کا تعلیم کا خواب پورا ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بلال اے خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یونیورسٹی میں 12000طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ سال 2015ء تک یہ تعداد 30ہزار تک بڑھادی جائے گی ۔

انہو ں نے بتایا کہ 42مختلف شعبہ جات میں55پروگرام شروع کئے گئے ہیں جبکہ مستقبل میں تین نئی فیکلٹیز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جن میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، زراعت اور حیاتیاتی سائنس شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں جلد مزید نئے شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے تعلیم اور تدریسی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت 275سکالر پی ایچ ڈی اور 750طلبا و طالبات ایم فل کے اپنی تحقیقی کام میں مصروف ہیں۔

اس سلسلہ میں 1.4 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو جمع کرائے جا چکے ہیں ۔ جن کی منظوری کا انتظار ہے ۔ اس سے قبل وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے نو تعمیر شدہ مین یونیورسٹی آڈیٹوریم، مین لائبریری اور آرٹس فیکلٹی کی نئی توسیعی عمارات کا افتتاح کیا۔ جن پر مجموعی طور پر 18کروڑ 30لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں