بلاول اپنے نانا اور والدہ کے مشن کی تکمیل کرنے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں ،منفی پروپیگنڈ ہ کرنے والوں کو شرمندگی ہو گی ، بھٹو خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و مخدوم سید احمد محمود کی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 29 دسمبر 2015 19:20

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ بلاول اپنے نانا اور والدہ محترمہ کے مشن کی تکمیل کرنے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں ،منفی پروپیگنڈ ہ کرنے والوں کو شرمندگی ہو گی ، بھٹو خاندان کی قربانیاں اسلامی امہ، استحکام پاکستان ، مزدوروں کسانوں اور محنت کشوں کے لیے تھیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

بینظیر بھٹو شہید اور ان کے خاندان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ وہ منگل کو یہاں اپنے سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر و پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حقائق کی روشنی میں موجودہ حکمرانوں کو چارج شیٹ کیا ہے جبکہ آج بھی ماضی کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل جاری ہے رینجرز کے اختیارات کے مسئلہ کو ایشو بنایا گیا ہے جس کی حدود متعین ہیں اسے لامحدود اختیارات دینے سے آمریت کو مسلط کرنے کے مترادف ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو بچانے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آمریت سے ملک کی جان چھڑوائی ہے مگر چوہدری نثار علی خان آج بھی آمریت کی آبیاری کرتے ہوئے رینجر کو لامحدود اختیارات دیکر مرکز اور صوبہ سندھ کی لڑائی کروا رہے ہیں اور ملک میں آمریت کی راہ ہموار کر رہے ہیں چونکہ جمہوریت کے لیے قربانیاں صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے دی ہیں اس لیے جمہوریت کی قدر بھی پیپلز پارٹی کو ہی ہے ، چوہدری نثار علی خان کے غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدامات پر نواز شریف کی خاموشی معنی خیز ہی نہیں بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے آٹھ سالہ جلاو طنی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کی سمری مستر د کرکے رینجرز کو اختیارات دینا آئین کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے، وفاق کو صوبائی اختیارات پر حملہ آور ہونے کی ہر گز اجازت نہیں دینگے، حکمرانوں کے لیے بہتر یہی ہو گا کہ وہ صورتحال کو مزید خراب نہ کرے۔

مخدوم احمد محمود نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی پیشہ وارانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے فرائض منصبی نہایت دیانتدار نہ طریقے سے نبھاتے ہوئے دہشتگردی کا قلع قمع کیا ہے جسکی وجہ سے پوری قوم ان کے ساتھ ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں اسلامی امہ ، استحکام پاکستان، مزدوروں ، کسانوں اور محنت کشوں کے لیے تھیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ کے غیور عوام نے پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ دیا جعلی حکمرانوں کی بدہضمی ہماری سمجھ سے باہر ہے جبکہ رینجرز کے سندھ اور دیگر صوبوں کے حوالے سے تضادات پر سب کی نظر ہے فوج رینجرز سمیت تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں