1973ء کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، یوسف رضا گیلانی ، ادارے مضبوط کرینگے ، لوگ آتے جاتے رہتے ہیں ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ بڑھا کر صحت کو بھی شامل کرینگے ،غریبوں کو حقوق دلانے کی خاطر قربانی دینے کیلئے تیارہیں ، عوام کے ٹیکسوں کی رقم ان کیلئے استعمال کرنا کوئی احسان نہیں،سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 اپریل 2009 19:38

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل ۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، ہم ادارے مضبوط کرینگے ، لوگ آتے جاتے رہتے ہیں ، ایسے اصول قائم کرنا چاہتے ہیں جنہیں آنے والی نسل یاد رکھے ،غریبوں کو حقوق دلانے کی خاطر قربانی دینے کیلئے تیارہیں ، عوام کے ٹیکسوں کی رقم ان کیلئے استعمال کرنا کوئی احسان نہیں ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ بڑھا کر صحت کو بھی اس میں شامل کرینگے اور غریبوں کی انشورنس کی جائے گی ،ہفتہ کو ایمن والا پل کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھٹو شہید کے اس فلسفے کو آگے بڑھا رہے ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اگر طاقتور ہیں تو عوام کی وجہ سے ہیں اور عوام کے ووٹ نے ہمیں طاقت دی ہے ، انہوں نے کہا کہ بھٹو کے اسی فلسفہ کی وجہ سے مخدوم کا ، پیر کا اور ایک غریب آدمی کا ایک ووٹ ہے ، ہم بھٹو شہید کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کرینگے اور بینظیر بھٹو کے فلسفے پر چلیں گے وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کہا کرتی تھیں کہ اگر خدمت کرنی ہے تو عوام کی کریں ، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کردیا ہے ، جس کے تحت خاتون خانہ کو ایک ہزار روپے ماہانہ ملیں گے ، بعد میں ہم اس کا دائرہ کار بڑھا کر صحت کو بھی اس میں شامل کردیں گے اور غریبوں کی انشورنس کی جائیگی تاکہ بیماری کی صورت میں غریب دوبارہ اپنی معمول کی زندگی شروع کرسکے ، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم اداروں کا تحفظ کررہے ہیں ، معزول ججز کو ہم نے رہا کیا ، انہیں تنخواہیں ادا کیں اور ان کی بحالی کے احکامات جاری کئے ، ہم کوشش کررہے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے ، ہم ادارے مضبوط کرینگے ، لوگ آتے جاتے رہتے ہیں ، ہم ایسے اصول قائم کرنا چاہتے ہیں جنہیں آنے والی نسل یاد رکھے اور کہے کہ انہوں نے بااصول سیاست کی بنیاد رکھی تھی، انہوں نے کہا کہ ہم ابتداء ہی سے مفاہمت کی سیاست کے خواہش مند تھے اور تمام سیاسی قائدین کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے ،انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دیا ہم ان کے منشور کو بلند رکھیں گے اورغریبوں کی جنگ لڑتے رہینگے ، ہم غریبوں کو حقوق دلانے کی خاطر قربانی دینے کیلئے تیارہیں ، وزیراعظم نے کہا کہ ہم عوام کو انصاف بھی فراہم کرینگے اور ان کیلئے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کرینگے ۔

(جاری ہے)

یہ ترقیاتی منصوبے ان کا حق ہے ۔ عوام کے ٹیکسوں کی رقم کو ان کیلئے استعمال کرنا کوئی احسان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمن والا پل کی تعمیر سے جہاں علاقے کے کسانوں اور کاشتکاروں کی ملک کی تمام منڈیوں تک رسائی ہوسکے گی اور انکی اجناس کی اچھی قیمت مل سکے گی وہیں ملک کیلئے ستر کلو میٹر سڑک بھی کم ہو جائے گی۔یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر ضلع مظفر گڑھ اور شجاع آباد کے درمیان پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کسانوں کیلئے گندم کی قیمت خرید 950 روپے فی من مقرر کی ہے ، میں چاروں وزراء اعلی سے ملاقات کر کے کہوں گا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسان کو یہ قیمت مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں