بہاولپور ڈویژن میں چہلم اور عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا، تمام مکاتب فکر کے علماء کا متفقہ فیصلہ

پیر 8 دسمبر 2014 19:28

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) بہاولپور ڈویژن میں حضرت امام حسین کے چہلم اور عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ یہاں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے متفقہ طور پر کیا۔اجلاس کی صدارت کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر) جاوید اکبر نے کی۔

اجلاس میں آر پی او رائے محمد طاہر ،ڈی سی او عمران سکندر بلوچ اور ڈی پی او سرفراز احمد فلکی نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر) جاوید اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اپنے خطبات میں امن و سلامتی کا درس دیں اور لوگوں کوترغیب دیں کہ وہ سیرت مبارکہﷺ پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مکمل امن و امان کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اور انتظامیہ ایک لمحہ کیلئے اس اہم فریضہ کی ادائیگی سے غافل نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع میں محافل قرأت اور نعت خوانی منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی امن کے قیام کے حوالہ سے دی جانے والی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کو جن مسائل کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر تسلسل کے ساتھ تعاون اور اتحاد کی فضا قائم رکھنا ضروری ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر رائے محمد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام نے محرم الحرام کے ایام میں انتظامیہ اور پولیس سے بھر پور تعاون کیا اور الحمدلله پورے ڈویژن میں امن قائم رہا۔انہوں نے کہا کہ انشاء الله چہلم حضرت امام حسین اور عید میلادالنبیﷺ کے دنوں میں بھی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام سے کہا کہ مساجد میں لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال سے گریز کیا جائے اور مساجد سے غیرضروری اعلانات کو روکا جائے۔انہوں نے علماء سے کہا کہ وہ لوگوں کو برداشت، تحمل اور ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنے کا درس دیں۔قبل ازیں صاحبزادہ علامہ ریاض احمد اویسی،علامہ مسعود قاسم قاسمی،پروفیسر مظفر علی ظفر،مولانا محمد شریف رضوی،سید علمدار شاہ،علامہ مفتی ارشاد احمد،فقیر حبیب الرحمن اختر،علامہ ریاض احمد نوری نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آنحضورﷺ کی سیرت مبارکہ پر عمل کر کے دین و دنیا میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے آپس میں اتفاق واتحاد قائم رکھنے کے حوالہ سے تجاویز پیش کیں۔ علماء کرام نے محرم الحرام میں سیکورٹی کے شاندار انتظامات کرنے پر انتظامیہ اور پولیس افسران کے کردار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں