بہاولپور،ڈسٹرکٹ آر ڈی اے محمد تنویر جھنڈیز کا بس اور ویگن اسٹینڈز کا اچانک معائنہ ،

پٹرولیم کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مسافروں سے زائد کرایہ وصولی پر 1484گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی

پیر 15 دسمبر 2014 22:39

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2014ء)ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بہاول پور محمد تنویر جھنڈیز نے 5نومبر سے 15دسمبر 2014 تک ضلع میں 111بس اور ویگن اسٹینڈز کا اچانک معائنہ کیا اور پٹرولیم کی قیمت کم ہونے کے باوجود مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے 1484گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل لائی گئی ہے۔ایک ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ اس دوران 426گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور 135گاڑیاں بند کر دی گئیں جبکہ 14بس اور ویگن اڈاجات کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر 12گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور 3لاکھ 61ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے گاڑیوں میں پٹرول اور گیس سلنڈر رکھنے پر 4گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے خاطر بس اور ویگن اسٹینڈز پر گاڑیوں کے پرانے اور نئے نرخ نامے بینرز اور پینا فلیکس پر آویزاں کر دیئے گئے ہیں اور کسی قسم کی شکایت کے ازالہ کے لئے ان بینرز پر یو اے این نمبر 0800-02345، ڈی سی او کمپلینٹ سیل نمبر062-9250508 اور ڈی آر ٹی اے کمپلینٹ سیل نمبر 062-9250282بھی درج کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اندرون شہر اور دیگر شہروں میں جانے کے لئے کرایہ میں 7فیصد کمی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے نرخ میں 8فیصد کمی کی گئی ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں