حصول تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے،ملک اقبال چنڑ،

معاشرے میں عدل و انصاف، میرٹ کی بالادستی اور پر امن ماحول کا قیام تعلیم کے ساتھ ۔ وابستہ ہے،صوبائی وزیر امداد باہمی

پیر 15 دسمبر 2014 22:39

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2014ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حصول تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ معاشرے میں عدل و انصاف، میرٹ کی بالادستی اور پر امن ماحول کا قیام تعلیم کے ساتھ وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول میں سماجی تنظیم الف اعلان کے زیر اہتمام اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر اقبال چنڑ نے کہا کہ نئی نسل کو جدید تعلیم کے ذریعے ہنر مند اور معاشرے کا فعال شہری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو تاکید کی کہ طلبہ کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں تاکہ طلبہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ مملکت بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد کی قدر ومنزلت کے بغیر معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو جاتا ہے۔

اساتذہ کو معاشرہ میں عزت وتکریم دینے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر چوہدری بشیر احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر تقرری، تعیناتی اور ترقی کے لئے جامع منصوبہ بندی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اب اساتذہ کا بھی فرض ہے کہ وہ دلجمعی سے اپنا کام انجام دیں۔ریجنل کوآرڈینیٹر الف اعلان سید وجاہت علی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں ہم نے سکولوں میں داخلہ بڑھانے کے لئے کامیاب مہم چلائی ہے۔

اب اساتذہ کے مسائل کو زیر بحث لا کر تعلیمی اداروں میں سازگار تعلیمی ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ نے ہر مرحلہ میں ہماری مدد کی۔ سوسائٹی فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر سید حفیظ قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے مسائل حل کر کے ہم تعلیمی اداروں میں بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹیچر یونین کے صدر صادق جھلن ، پرائمری ایلمنٹری ٹیچر ایسوسی ایشن کی صدر نسرین باجوہ، نسرین اختر اور ہائرسٹاف ایجوکیشن کے صدر عطاالرحمن نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹائم سکیل دیا جائے۔ درجاتی فارمولے کے تحت ترقی پانے والے اساتذہ کو ایم اے ،ایم ایڈ، بی ایڈ کی بنا پر ریگولر گریڈ 17اور 18دیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی قابلیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اساتذہ کو ترقیاں دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں