ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت پاکستان لانا ہوگی،ڈاکٹر محمد اشرف

پیر 15 دسمبر 2014 22:39

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی ضلع بہاول پور ڈاکٹر محمد اشرف ، امیرشہر خالد اقبا ل،ضلعی جنرل سیکرٹری نصراللہ ناصر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت پاکستان میں لانا ہوگی۔فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔ملک میں نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔

موروثی سیاست نے وطن عزیز کو کھوکھلا کردیا ہے۔ حکمرانو ں کی معاشی پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔ہمارے مسائل کا حل شریعت کے نفاذ میں پنہاں ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ داروں،جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ دوہری شہریت کے حامل قوم کے نمائندے ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ مقتدر طبقات نے پاکستان کوہمیشہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کیاہے۔ اسٹیبلشمنٹ کا کردار اب سیاست میں ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ کچھ قوتوں نے آئین و قانون سے تصادم کا راستہ اختیار کرکے ملک میں ایک بحرانی کیفیت پیدا کردی تھی جس کا نقصان صرف اور صرف ملک و قوم کو برداشت کرنا پڑے گا۔

موجودہ حکمرانوں نے غیر ملکی آقاؤں کی تابعداری پر مبنی پالیسیوں،بدترین کرپشن،اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی سلامتی و بقاء اور آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔جس کے نتیجہ میں ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔جماعت اسلامی کے رہنما وں نے مزید کہا کہ ملک کے اندر لوٹ کھسوٹ کے نظام کو بدلنے کا وقت آگیا ہے۔مہنگائی ،بے روزگاری،غربت،لاقانونیت،ڈرون حملے اور توانائی کے بحران نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں