حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،صبیحہ نذیر

بدھ 24 دسمبر 2014 20:49

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)ممبر قومی اسمبلی صبیحہ نذیر نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ وہ ضلعی بیت المال کمیٹی بہاولپور کی جانب سے مسیحی برادری کے 38مستحق افراد میں کرسمس کے حوالہ سے مجموعی طور پر ایک لاکھ90ہزارروپے کی مالی امداد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفتاب پیرزادہ،عنایت جوزف،کوثر پروین،محمد ارشاد،فادر ندیم جوزف،فادر سیموئیل رافیل ،سیکرٹری بیت المال کمیٹی محمد عزیر،ڈی او سوشل ویلفیئر محمد غلام مصطفی ،محمد عرفان ، محمد اشتیاق اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر پشاور واقعہ کے سوگ میں 2منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے ایم این اے صبیحہ نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا اقلیتی طبقہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے المناک واقعہ نے تمام لوگوں کو غم زدہ کر دیا ہے۔

معاشرہ کے تمام افراد ملک دشمن عناصر پر نظر رکھیں تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفتاب پیرزادہ نے کہا کہ مستحق اور غریب افراد کی فلاح و بہبود کیلئے ضلعی بیت المال کمیٹی فعال انداز میں کا م کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو فی کس پانچ ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی بیت المال کمیٹی ہندو اور دیگراقلیتی برادریوں کے غریب اور مستحق لوگوں کو ان کے تہواروں کے موقع پر مالی امداد دے رہی ہے۔اس موقع پر فادر ندیم جوزف،فادر سیموئیل اور محمد عزیر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کرسمس کے موقع پر مستحق اور غریب مسیحی لوگوں کی مالی امداد کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں