بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ میں دن بدن اضافے نے حکومتی کارکردگی کاپول کھول دیا ہے،ڈاکٹر سید وسیم اختر،

موسم سرماکے باوجود بجلی ولوڈشیڈنگ میں اضافہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی واضح مثال ہے،صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 12 جنوری 2015 18:43

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ میں دن بدن ہوتے اضافے نے حکومتی کارکردگی کاپول کھول دیا ہے۔موسم سرماکے باوجود بجلی ولوڈشیڈنگ میں اضافہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی واضح مثال ہے۔ایک طرف بجلی وگیس عوام کو میسر نہیں تو دوسری جانب آئے روز بلوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ملک میں پٹرول کا سٹاک صرف10دن کارہ گیا ہے جبکہ فرنس آئل کے ختم ہونے سے پاور سیکٹرکوفراہمی شدیدمتاثر ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوجائے گا۔حکومت آئی پی پیز اور دیگر سرکاری اداروں کے ذمہ اربوں روپے کی ادائیگیوں کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ توانائی بحران پرحکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے صنعتی یونٹس مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔

بے روزگاری نے غریب مزدوروں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔فاقوں کی بدولت پاکستان میں خود کشیوں کارجحان تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم پتھرکے دور میں رہ رہوں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت عوام کوریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔مہنگائی کاجن بے قابو ہونے سے اشیاء خوردونوش کی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

ناقص پالیسیوں کی بدولت حکومت ڈیڑھ سال میں ہی اپنی مقبولیت کھوچکی ہے۔جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملکی وسائل پر قبضہ کررکھاہے۔جب تک متوسط قیادت کوآگے آنے کاموقع نہیں فراہم کیا جاتاتب تک ملک وقوم کودرپیش مسائل کاقلع قمع ممکن نہیں۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے پاس بے داغ اور صلاحیت سے بھرپور قیادت موجود ہے جو ملک کو درپیش مسائل کاخاتمہ کرسکتی ہے۔ہمارے سینکڑوں لوگ مختلف ادوار میں صوبائی وقومی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبر بنے مگرالحمدللہ کسی ایک پر بھی کرپشن کاکوئی الزام نہیں لگا۔جماعت اسلامی پاکستان کی واحد سیاسی ودینی جماعت ہے جس میں موروثیت نام کی کوئی چیز نہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں