بہاول کلب بہاولپور کی دلکش و جاذب نظر عمارت اور کھیل کی بہترین سہولیات کسی نعمت سے کم نہیں،کمشنر بہاولپور،

افسران اور سول سوسائٹی کے ممبران اس سے بھرپور استفادہ کریں،کیپٹن (ر) جاوید اکبر

پیر 19 جنوری 2015 19:18

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن ( ر) جاوید اکبر نے کہا ہے کہ بہاول کلب بہاولپور کی دلکش و جاذب نظر عمارت اور کھیل کی بہترین سہولیات کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس علاقہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے ممبران اس سے بھرپور استفادہ کریں۔ وہ بہاول کلب کی صد سالہ تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر صدر بہاول کلب و ڈی سی او عمران سکندر بلوچ ، ریجنل پولیس آفیسر احسان صادق، ڈی پی او سرفراز فلکی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عمرانہ اجمل، ایڈیشنل کمشنرز، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ملک حبیب اللہ بھٹہ، ڈاکٹر رفعت برق، ڈاکٹر رانا محمد طارق سمیت کلب ممبران اور سرکاری محکموں کے افسران اور عمائدین شہر موجود تھے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ بہاول کلب تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

اس میں سرکاری افسران دن بھر کی سرکاری مصروفیات کے بعد اس میں موجود کھیلوں کی سرگرمیوں میں اپنا وقت گذاریں۔ انہوں نے کہا کلب میں جاگنگ ٹریک کے علاوہ خوبصورت لان ٹینس، بیڈ منٹن کورٹ، سرسبز لان اور انڈور گیمز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلب ممبران بہاول کلب کو مزید خوبصورت اور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

صدر بہاول کلب و ڈی سی او بہاولپور عمران سکندر بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہاول کلب کو مزید خوبصورت اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے 5کروڑ50لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس فنڈ سے عالمی معیار کا سوئمنگ پول، سکواش کورٹ اور جمنیزیم تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بہاول کلب کی خوبصورتی اور سہولیات میں اضافہ اور کلب کے ماحول کو خوبصورت بنانے پر سابق ڈی سی او جاوید اقبال اعوان، سابق کمشنر بہاولپور مشتاق احمد ، سابق ڈی سی او ڈاکٹر نعیم رؤف، ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے شاندار کلب کے قیام پر نواب آف بہاولپور اور ان کے خاندان کے ویژن کو سراہا۔ سیکرٹری بہاول کلب پروفیسر محمد سہیل اقبال نے بتایا کہ 1904ء میں نواب آف بہاول پور نے بہاول کلب کی بنیاد رکھی اور1915 ء میں اس کی عمارت تعمیر کی گئی۔اس کی پرکشش عمارت بہاول پور کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کلب میں نیشنل سٹینڈرڈ کی کرکٹ کی دو عدد پچیں موجود ہیں جن کی مٹی نندی پور سے منگوائی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول کلب میں590 میٹر لمبا جاگنگ ٹریک ، ٹیبل ٹینس ،سنوکر، جم موجود ہے اس کے علاوہ لان ٹینس کے چھ گراسی کورٹ، اور بیڈ منٹن کورٹ موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں