بہاول پور، پارٹیاں، جھنڈے اور وفاداریاں بدلنے والے سیاستدان ملک و قوم سے مخلص نہیں،شازیہ نورین خان

جمعرات 12 جولائی 2018 22:28

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار این اے 170 شازیہ نورین خان نے کہا ہے کہ پارٹیاں، جھنڈے اور وفاداریاں بدلنے والے سیاستدان ملک و قوم سے مخلص نہیں اقتدار کے شوقین ہیں جن کو عوامی مسائل صرف انتخابات کے دنوں میں نظر آتے ہیں۔ وہ ٖفرید گیٹ پرموٹر سائیکل ریلی سے خطاب کر رہی تھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے قومی اداروں کی زبوں حالی کا سب سے بڑا سبب یہی کرپٹ سیاستدان ہیں جو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر لوٹ مار اور کرپشن کے ذریعے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے ہیں۔

ستر سال سے ملک کو کوئی مخلص اور جراتمند قیادت میسر نہیں آئی اور آج ہم پلہ ریاستوں سے ہمارا ملک بہت پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجیدہ طبقے کی سیاست اور ووٹ سے دوری کے باعث آج ملک مخلص قیادت سے محروم ہے۔ اس وقت تک ملک میں حقیقی تبدیلی تب تک نہیں آئے گی جب تک قوم ووٹ کی طاقت سے دیانتدار قیادت کو ایوانوں تک نہیں پہنچا دیتی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں