بہاول پور ڈویژن میں اربوں کی لاگت سے زیر تعمیر 16 بڑے منصوبوں میں کرپشن کی شکایات

ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاولپور ڈویژن عمران رضا عباسی کا ریگولر انکوائری کا حکم

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:00

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2018ء) بہاول پور ڈویژن میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے زیر تعمیر 16 بڑے منصوبوں میں کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاولپور ڈویژن عمران رضا عباسی نے ریگولر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں بہاولپور ڈویژن میں کئی بڑے منصوبے شروع کیے گئے۔

جن میں سے 16 بڑے منصوبوں کی کرپشن کی شکایات پر انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاولپور ڈویژن محمد عمران رضا عباسی نے جن منصوبوں کی ریگولر انکوائری کا حکم دیا ہے ان میں سے 2 ارب 94 کروڑ روپئے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کا منصوبہ سر فہرست ہے۔ اسی طرح جھانگڑہ شرقی احمد پور شرقیہ میں 3 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت سے تیار ہونے والے سیوریج و ٹف ٹائل منصوبے میں فرضی اور بوگس ادائیگیوں ،تین کروڑ کی لاگت سے خیر پور ٹامیوالی میں سیوریج و ٹف ٹائل منصوبے میں کرپشن ، 13 کروڑ کی لاگت سے حاصل پورمیں میں سیوریج لائن، واٹر سپلائی اسکیم اور ٹف ٹائل منصوبے میں ناقص میٹیریل کے استعمال کی ،سمکا بند رحیم یار خان منصوبے میں 12 کروڑ کی بجائے 62 کروڑ روپئے کی بوگس ادائیگیوں ،3 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت سے فقیر والی میں تیار ہونے والا سیوریج و ٹف ٹائل منصوبہ، دیگی مائنر رحیم یار خان میں 12 کروڑ کی بوگس ادائیگیاں، بہاولنگر میں10 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے سیوریج اور ٹف ٹائل کے دو مختلف منصوبوں میں بھی فرضی اور بوگس ادائیگیوں،بیلجیئم روڈ رحیم یار خان میں 36 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے پختہ سڑک کے منصوبے میں ناقص میٹریل کے استعمال پر،81 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے شاہی روڈ تا چوک بہادر پور دو رویہ سڑک رحیم یار خان میں ناقص میٹریل کے استعمال اور بے ضابطگیوں، 756 ملین کے پیلس روڈ تا دبئی پیلس پختہ سڑک رحیم یار خان تعمیر و امپروومنٹ میں ناقص میٹریل کے استعمال،545 ملین کے کیڈٹ کالج خان پور منصوبے میں ناقص میٹریل کے استعمال ،648 ملین کے ڈرینج سسٹم بہاولنگر منصوبے میں پرائس ویری ایشن کی مد میں بوگس ادائیگیوں اسی طرح سیوریج و ٹف ٹائل منصوبہ شہر احمد پور شرقیہ میں بھی ناقص میٹریل اور بوگس ادائیگیوں پر ریگولر انکوئری کا حکم دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاولپور ڈویژن محمد عمران رضا عباسی کا کہنا تھا کہ جہاں بھی کرپشن ہو گی بھر پور کاروائی کریں گے انہوں نے کہا کہ سٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بھی بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں