بہاول پور، پولیس مقابلہ پولیس کانسٹیبل زخمی، ایک ڈاکو ہلا ک

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:00

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2018ء) تھانہ نوشہر ہ جدید کی حدود میں پولیس مقابلہ پولیس کانسٹیبل زخمی اور ایک ڈاکو ہلا ک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات 04 کس نا معلوم ملزمان نے علاقہ تھانہ اوچ شریف سے واحد بخش نامی شخص کا موٹر سائیکل اسلحہ کے زور پر چھینا اورفرار ہوگئے ۔جس پر ضلع بھر میں ناکہ بندی کی گئی ۔دوران ناکہ بندی دھوڑ کوٹ موڑ پر ملزمان کو پولیس پارٹی نے روکا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس سے پولیس کانسٹیبل اسد اللہ زخمی ہوگیا،جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تقریباً 11 بجے رات پرویز اقبال باجوہ SHO تھانہ نوشہرہ جدید اپنی ٹیم کے ہمراہ موضع بھنڈہ وینس مین جلال پور پیر والا روڈناکہ بندی پر موجود تھے کہ پل جھانگڑہ کی طرف سے دو موٹر سائیکل جس پر 04اشخاص سوار تھے آتے دکھائی دیے ،جو پولیس پارٹی کو دیکھ کر بستی سمیجہ روڈ کی طرف مڑے اور فائرنگ شروع کردی ۔

(جاری ہے)

پولیس پارٹی نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی ہوائی فائرنگ شروع کردی ۔

کچھ دیر بعد جب فائرنگ کا سلسلہ ختم ہواتو پولیس پارٹی نے آگے بڑھ کر دیکھا تو ایک شخص زخمی حالت میںپڑا ہوا تھا جس کے دائیں ہاتھ میں ایک کلاشنکوف تھی، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوااور زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔قریب ہی کھڑی فصل کپاس سے موٹر سائیکل CD-70 نمبری1936/BRK جو علاقہ تھانہ اوچ شریف سے چھینی گئی تھی پڑی ہوئی پائی گئی ۔

جبکہ بقیہ 03 ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔ ہلاک شدہ ملزم کی شناخت محمد اکرم ولد پیر بخش قوم نائچ سکنہ موضع طاہر والی چنی گوٹھ کے نام سے ہوئی۔ملزم محمد اکرم اغواء برائے تاوان ، ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میںبہاولپور ، رحیم یارخان، وہاڑی اور ضلع مظفر گڑھ پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم نے سال 2005 میں دوران ڈکیتی اپنے ساتھیوں کے ہمراہASI شب قدر اور کانسٹیبل محمد افضل کو علاقہ تھانہ اوچ شریف میں شہید کیا تھا۔

ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر، بہاولپور ڈاکٹر محمد اقبال خان نے بروقت اور اچھی کاروائی کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہااور ان کے لئے نقد انعامات و سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔بعدازاں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد فیصل رانا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپورڈاکٹر محمد اقبال خان نے پولیس مقابلہ میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل اسداللہ کی بہاول وکٹوریہ ہسپتال،بہاولپور میں عیادت کی ۔ریجنل پولیس آفیسر نے زخمی کانسٹیبل کو محکمہ کی طرف سے تمام تر سہولیات مہیا کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے کہاایسے با ہمت اور بہادر پولیس جوانوںکی وجہ سے لوگوں کی جان ، مال اور عزتیں محفوظ ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں