بہاول پور، ججز اور وکلاء نے مل کر اکٹھے انصاف کی گاڑی کو چلانا ہے،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ

منگل 16 اکتوبر 2018 21:02

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور جسٹس یاور علی نے کہا ہے کہ بار اوربنچ ایک جسم کے دو بازوؤں کی مانند ہیں جو ایک دوسرے کے لیے بہت کارآمد ہوتے ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے الوداعی دورہ کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاول پور کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ججز اور وکلاء نے مل کر اکٹھے انصاف کی گاڑی کو چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اولین مقصد مشکل وقت میں کورٹ کی ذمہ داری کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا اس موقع پر ججز اور وکلاء کے ساتھ مل کر ہم آواز ہو کر پاکستان زندہ باد کا فلک شگاف نعرہ بھی لگوایا۔ اس موقع پر مسٹر جسٹس فیصل زمان خان، مسٹر جسٹس قاضی امین احمد، مسٹر جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی، مسٹر جسٹس مزمل اختر شبیر، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ لاہور بہادر علی خان، ایڈیشنل رجسٹرار بہاول پور بنچ شیخ خالد بشیر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن بہاول پور طارق جاوید، صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عمر محمود، کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال، ریجنل پولیس آفیسر فیصل رانا ودیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور مسٹر جسٹس محمد یاور علی کو بہاول پور بنچ ہائیکورٹ پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور بہاول پور بنچ کے معزز ججز نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور نے بہاول پور بنچ لاہور ہائیکورٹ کے سبزہ زار میں پودا لگا یا اور فارسٹ گارڈ نے سلامی پیش کی۔ بعدازاں انہوں نے بہاول پور بنچ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور عدالتی امور نمٹاتے ہوئے مختلف کیسز کی سماعت کی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں