بہاول پور:اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میںحکومت پنجاب کی ڈینگی خاتمہ مہم کے سلسلے میں ایک سیمینار کا انعقاد

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:19

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میںحکومت پنجاب کی ڈینگی خاتمہ مہم کے سلسلے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر ، ڈینز، اساتذہ کرام اور طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر منیر اظہر نے ڈینگی وائرس کی علامات اور اُن سے بچائو کی تدابیرو تفصیلات سے آگاہ کیاگیا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کی ابتدائی علامات میں شدید بخار اور جسم میں درد ہوتا ہے جس کے باعث بھوک بھی نہیں لگتی، آنکھوں کے پیچھے درد شروع ہوتا ہے جو سر کے دوسری طرف پھیل جاتا ہے۔جسم پر ایسے دھبے نمودار ہونے لگتے ہیں جو خسرے کی بیماری میں دکھائی دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے اور رنگت پیلی ہونے کے علاوہ پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث مریض صدمے کی حالت میں چلا جاتا ہے۔

مریض کو نارمل خوراک کے ساتھ زیادہ مقدار میں جوس ، سوپ اور دودھ دینا چاہیے اور مکمل آرام مہیا کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہفتے میں دو سے تین بار گھروں ، دفاتر اور دکانوں میں صفائی کر کے مچھر مار ادویات کا سپرے کرنا چاہیے ۔ ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے اس لیے صاف پانی جمع کرنے کے برتنوں مثلاً گھڑے ،ڈرم، ٹینکی وغیرہ کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھنا چاہیے۔

آج کل روم کولر کے استعمال کا موسم ہے اس لیے جب بھی یہ استعمال میں نہ ہوں ان میں سے پانی نکال لینا چاہیے۔مچھروں سے بچائو کے لیے کوائل ، میٹ، لوشن اور مچھر دانی کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔گھروں کے اندر چھتوں ، پودوں کی کیاریوں ، گملوں ، پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں