جامعہ کے تدریسی اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے قابل اور اہل اساتذہ کا میرٹ پر انتخاب انتہائی ضروری ہے ، گزشتہ تین سالوں میں جامعہ میں میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا گیاہے ،ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ایک ہی سال میں چار درجے ترقی کی ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی فکلیٹی ممبران سے گفتگو

جمعہ 1 مارچ 2013 16:23

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1مارچ 2013ء ) پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ جامعہ کے تدریسی اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے قابل اور اہل اساتذہ کا میرٹ پر انتخاب انتہائی ضروری ہے ۔ گزشتہ تین سالوں میں جامعہ میں میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا گیاہے جس کے نتیجے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایک ہی سال میں چار درجے ترقی کی ہے۔

وہ جمعہ کو وزیٹنگ لیکچررز کے تحریری امتحان کے موقع پر سینئر فیکلٹی ممبران کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے ۔مرکزی آڈیٹوریم اور فیکلٹی آف سائنس و فیکلٹی آف اسلامک لرننگ کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے تحریری امتحان میں1000 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے کہا کہ اُن کی خواہش ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور صرف علاقائی یا قومی سطح کی نہیں بلکہ بین الاقوامی افق پر اعلیٰ معیار کی حامل درسگاہ کے طور پر پہچانی جائے۔

اس مقصد کے لیے ہمارے طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم یافتہ اور انتہائی قابل اساتذہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ وہ خود تحریری امتحان اور انٹرویو کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ایسے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے جو نہ صرف بہترین تعلیمی قابلیت کے حامل ہوں بلکہ اعلیٰ کردار وشخصیت اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل بھی ہوں تاکہ یہ افراد یونیورسٹی فیکلٹی بن کر جامعہ کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنیں۔

یونیورسٹی نے وزیٹنگ فیکلٹی کے انتخاب کے لیے انتہائی شفاف اور بہترین نتائج کا حامل طریقہ کار کا انتخاب کیا ہے تاکہ اعلیٰ صلاحیتوں سے مالا مال اساتذہ منتخب ہو سکیں۔تحریری امتحان اور انٹرویو کے لیے آنے والے امیدواروں نے انتہائی شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہٴ کار وضع کرنے پر اور اس تمام عمل کی ذاتی نگرانی پر وائس چانسلر کا خصوصی شکریہ ادا کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں